ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 26.12.2016

ترک ذرائع ابلاغ

638018
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 26.12.2016

*** روزنامہ وطن  نے "  ریڈ آرمی  کے بینڈ  کی آواز بحیرہ اسود میں غرق"  کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ   شام میں روسی فوجیوں کی ہمت افزائی کرنے کی غرض سے روس  کی  ریڈ آرمی   کا  بینڈ  جو   اپنے فن کے اظہار کے لیے  شام   جا رہا  تھا طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گیا ہے۔  روس کی  وزارتِ دفاع  کے ٹی یو  154 قسم کے طیارے  میں سوار یہ طائفہ  بحیرہ اسود میں غرق ہوگیا   ہے۔ مختلف ذرائع کے مطابق  اس طیارے کو  خفیہ   طریقے سے مار   گرایا گیا ہے  جس سے پتہ چلتا ہے کہ    روس کے خلاف خفیہ سرگرمیوں کا سلسلہ  ابھی بھی جاری ہے۔

 

***روزنامہ  خبر ترک نے " صدر ایردوان کی  روسی  صدر سے اظہار ہمدردی" کی  سرخی کے تحت  اپنی خبر میں لکھا ہے کہ  صدر ایردوان نے   روسی طیارے جس میں  ریڈ آرمی کا بینڈ بھی سوار تھا کے  گرنے اور تمام مسافروں کے ہلاک ہو جانے کی خبر ملنے پر  روس کے صدر ولادِ میر  پوتین کو ٹیلی فون کرتے ہوئے ہمدردی کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیر اعظم  بن علی یلدرم   نے   روس کے وزیر اعظم   دیمتری  مید ویدیف  سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم  یلدرم نے اپنے تعزیتی پیغام میں  طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے   افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت   کا اظہار کیا ہے۔  ترکی کے وزیر دفاع فکری   اِشک   نے بھی روس کے وزیر دفاع  سرگئی  شوئے گو  کو تعزیتی پیغام روانہ کیا ہے۔  ترکی کی وزارتِ  خارجہ کے ترجمان   حسین  مفتی اولو نے بھی طیارے کے حادثے  پر  اپنے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

 

***روزنامہ   سٹار   کی  "  دہشت گرد تنظیم پی کے کے کا مارچ میں مکمل خاتمہ" کی سرخی کے تحت خبر کے مطابق   وزیر داخلہ  سیلمان سوئیلو  نے اپنے دورہ   سیرت کے دوران  بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ  " دیار باقر،  سیرت،  ماردین، بتلیس یہ تمام مقامات  تہذیبوں کے گہوارے کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات کو دہشت گردی کی وجہ سےنہیں  یاد کیا جانا چاہیے بلکہ    ان شہروں   میں لوگوں کی دلچسپی بڑھانے  اور  اقدامات  اٹھانے کی غرض سے ان  علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ان تمام علاقوں سے دہشت گرد تنظیم " پی کے کے" کے   نام و نشان کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے  مٹا یا جا رہا ہے۔

 

***روزنامہ  صباح نے " ٹکنولوجی کو ترکی کا سہارا" کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ  اقوام  متحدہ  کی جنرل اسمبلی   نے بین لاقوامی    ٹکنولوجی  سینٹر ترکی میں قائم کرنے    کی منظوری دے دی ہے۔ 48 ممالک   پر مشتمل ٹکنولوجی بینک   کی کاروائی کا آغاز  آئندہ سال ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ  کے ترقی پذیر ممالک  کی پانچویں کانفرنس   سن 2011 میں استنبول میں منعقد ہو ئی تھی   جس میں   اس وقت کے وزیر اعظم    رجب  طیب ایردوان   نے خطاب کرتے ہوئے     ترکی میں ٹکنولوجی بینک قائم کرنے کی تجویز  پیش کی تھی  جس اب منظوری حاصل ہو گئی ہے۔

 

***روزنامہ  حریت نے " فیٹ کار سن 2016 کی بہترین کار" کے زیر عنوان اپنی  خبر میں لکھا ہے کہ  توفاش کار جسے دنیا میں فیٹ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے کو سن 2016 کی  ترکی  کی بہترین کار منتخب کرلیا گیا ہے۔ اس سلسلے   میں  ایک تقریب کا اہتمام بھی کیاگیا  جہاں اس کار  کی خصوصیات کو اجاگر کیا گیا۔



متعللقہ خبریں