ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 11.11.15

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں

415163
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 11.11.15

روزنامہ اسٹار نے جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹر اشٹائن ائیر کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شامی پناہ گزینوں کے حل کےلیے ہمیں ترکی سے تعاون کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اس موضوع کے حوالے سے کہا کہ یورپ کے پاس اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے۔
روزنامہ خبر ترک نے لکھا ہے کہ انطالیہ میں ہونے والے جی ٹوئنٹی اجلاس میں عالمی سربراہان کے ساتھ ساتھ ان کے زیر استعمال نجی طیارے بھی قابل توجہ بنیں گے۔ انطالیہ کا ہوائی اڈہ اس اجلاس کی بدولت ایک ایئر شو کا منظر پیش کرے گا جہاں یہ جدید ٹیکنالوجی کے حامل طیارے کھڑے ہونگے۔ ان طیاروں میں سب سے اہم امریکی صدر کے زیر استعمال "ایئر فورس ون" ہوگا جو کہ فضا سے زمین پر اور زمین سے فضا میں داغے جانے والے میزائل کی پیشگی اطلاع دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ انطالیہ کے ہوائی اڈے پر ان طیاروں کی دیکھ بھال کی تمام سہولیات موجود ہونگی ۔
روزنامہ صباح نے "سوما میں 100 ٹن سونا دریافت ہوا "کے زیر عنوان خبر میں لکھا ہے کہ وزارت توانائی و قدرتی وسائل علی رضا الا بویون نے بتایا ہے کہ ترک ضلع منسیا کے قصبے سوما میں ایک سو ٹن سے زائد مقدار میں سونے کے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں جو کہ سونے کی ملکی طلب کا 14 فیصد ہے ۔اس کے علاوہ علاقے میں تانبے، سیسے اور زنک کے بھی ذخائر ملے ہیں۔
روزنامہ ینی عقد نے وزارت آبی امور و جنگلات کی طرف سے خبر دی ہے کہ انقرہ کے قریب واقع قزلجا حمام کے علاقے میں سوک سُو نامی قومی پارک پر بنائی جانے والی متعارفی فلم کو سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور اب تک اسے 1٫1 ملین افراد نے دیکھا ہے ۔ پانچ منٹ دورانیئے کی اس فلم میں قومی پارک کی قدرتی خوبصورتی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
روزنامہ حریت کا لکھنا ہے کہ کاعان مجُدہ جی کی کہانی پر بنی فلم سیواس کو 73 ویں گولڈن گلوب فلم ایوارڈز میں شمولیت کا حق حاصل ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ مذکورہ فلم کو آسکر ایوارڈز کی بہترین غیر ملکی فلموں کی کیٹیگری میں بھی شامل کیا جائے گا۔اس فلم کے ننھے منھے اداکار "دوعان ازجی "کو لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی ایشیئن فلم فیسٹیول کے مقابلے میں جیوری ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

 



ٹیگز:

متعللقہ خبریں