ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 09.10.14

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 09.10.14

151594
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 09.10.14

***روزنامہ صباح "امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے بفر زون علاقے کا اعلان" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری اور برطانیہ کے وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں جان کیری نے کہا کہ "توقع ہے کہ داعش کے خلاف جدوجہد کے معاملے میں ترکی کے کردار کا موضوع آنے والے دنوں میں حتمی شکل اختیار کرے گا"۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی طرف سے شامی سرحد پر بفرزون کی تجویز ایک ایسی سوچ ہے کہ جس کا جائزہ لیا جانا ضروری ہے"۔


*** روزنامہ آقشام نے" نیٹو کے سیکرٹری جنرل ترکی کے دورے پر " کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھا ہے کہ شام میں درپیش حالات کے جائزے کے لئے نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژنز سٹالٹن برگ ترکی کے دورے پر ہیں اور اس موقع پر اپنے بیانات میں انہوں نے کہا ہے کہ نیٹو ترکی سمیت تمام رُکن ممالک کا تحفظ کرنے کے لئے تیار ہے"۔ انہوں نے کہا کہ "نیٹو ترکی کی شامی سرحد پر درپیش حالات پر بغور نظر رکھے ہوئے ہے تاہم انقرہ کی طرف سے سرحدی سکیورٹی میں اضافے سے متعلق کوئی سرکاری طلب موصول نہیں ہوئی"۔


*** "کوبانی کے لئے 2 ملین ڈالر کا عطیہ" یہ سرخی لگائی ہے روزنامہ ملّیت نے ۔ اخبار لکھتا ہے کہ امریکہ میں اپنی سرمایہ کاریوں کی وجہ سے شہرت کی حامل کاروباری شخصیت حامدی الو کایا نے داعش دہشت گرد تنظیم کے حملوں کی زد میں آئے ہوئے علاقے کوبانی کو 2 ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ حامدی الو کایا ایک دہی کی فرم کے مالک ہیں اور کوبانی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ" ہمارے پاس دو راستے ہیں یا تو وہاں کے قتل عام کا نظارہ کریں گے یا پھر ان انسانوں کو بچانے کے لئے کچھ عملی کام کریں "۔


*** روزنامہ خبر ترک" ترکی ایک اہم قدم اٹھا رہا ہے " کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ ترکی ایوی ایشن کے شعبے میں مقامی طیاروں، ہیلی کاپٹروں، ڈرون طیاروں اور بالونز کو خود تیار کرے گا ۔ ان کی تیاری کے لئے ڈیزائننگ سے لے کر تمام پرزہ جات اور الیکٹرانک کے سامان تک ہر چیز کو مقامی وسائل سے تیار کیا جائے گا۔ پرزہ جات کی تیاری میں کردار ادا کرنے کی خواہش مند ترک فرموں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔


*** " ترکی کی پہلی پرائیویٹ فوجی ٹریننگ کمپنی قائم ہو گئی ہے" یہ سرخی لگائی ہے روزنامہ سٹار نے۔ اخبار لکھتا ہے کہ امریکہ سمیت متعدد ممالک میں دفاعی اور فوجی تربیت کی پرائیویٹ کمپنیوں کی مثال ملتی ہے اور اب ایک ایسی کمپنی نے ترکی میں بھی کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ کمپنی ریٹائرڈ فوجیوں کے ساتھ اور آرمی سٹاف ہیڈ کوارٹر کی اجازت سے قائم کی گئی ہے۔ کمپنی، کمانڈو آپریشن سے اسپیشل آپریشن تک ، ائیر لینڈڈ آپریشن سے زیر آب اٹیک آپریشن تک تمام شعبوں میں غیر ملکی فوجوں کو مشاورتی اور تعلیمی خدمات فراہم کرے گی۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں