ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہو گئیں

ایران، روس اور چین کے بحری بیڑوں نے بحیرہ ہند کے شمال میں  وسیع پیمانے کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع کر دیں

1766187
ایران، روس اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہو گئیں

ایران، روس اور چین کے بحری بیڑوں نے بحیرہ ہند کے شمال میں  وسیع پیمانے کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔

ایران کی سرکار ی خبر رساں ایجنسی IRNA کے مطابق "2022 بحری سلامتی بیلٹ " کے زیرِ عنوان اور "مِل کر امن و سلامتی کے لئے" کے سلوگن کے ساتھ بحیرہ ہند کے شمال میں 17 ہزار مربع کلو میٹر علاقے میں مشترکہ فوجی مشقیں جاری ہیں۔

خبر کے مطابق مشقوں میں ایران  کابحری بیڑہ ، پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے جنگی بحری جہاز اور فضائی یونٹیں  اور روس اور چین  کے جنگی و لاجسٹک  بحری جہاز شامل ہیں ۔

مشقوں کے ترجمان ایڈمرل مصطفیٰ تاج الدین نے کہا ہے کہ باب المندب، مالاکہ اور آبنائے ہرمز  جیسی   اہم آبی گزرگاہوں کے ساتھ رابطے کی وجہ سے بحیرہ ہند کا شمالی حصہ اہمیت کا حامل علاقہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ "یہ مشقیں، طلائی تکون کے نام سے معروف اور عالمی تجارت کے لئے کلیدی اہمیت کے حامل علاقے میں، تینوں ممالک کے مفادات کے تحفظ اور پائیدار بحری سلامتی کو یقینی بنانے کی ایک مشترکہ کوشش ہیں"۔

تاج الدین نے کہا ہے کہ مشقوں میں جلتے ہوئے بحری جہاز کو بچانے، اغوا شدہ بحری جہاز کی رہائی، متعینہ اہداف اور  رات کے وقت فضائی اہداف کو نشانہ بنانے جیسے مختلف  آپریشن کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی بحری تجارت کی سلامتی کو تقویت دینا، بحری ٹوئرازم اور  بحری قزاقوں کے خلاف جدوجہد، تلاش و بچاو کے علاقوں میں معلومات کا تبادلہ  اور جنگی چالوں کے آپریشنوں میں تجربات کا تبادلہ مشقوں کے سرفہرست اہداف ہیں۔

واضح رہے کہ "بحری سلامتی بیلٹ " کے زیرِ عنوان موجودہ مشقیں ایران، روس اور چین کے درمیان تیسری مشقیں ہیں۔

مذکورہ مشقوں کی پہلی مشقیں دسمبر 2019 میں کی گئی تھیں۔



متعللقہ خبریں