صدر اشرف غنی کی طالبان سے ملکی سیاست میں حصہ لینے کی اپیل

افغان صدر نے کہا کہ اگر افغان طالبان مذاکراتی عمل کا حصہ بننے پر آمادہ ہوں تو وہ انہیں افغانستان میں دفتر قائم کرنے کی اجازت دینے پر تیار ہیں

747070
صدر اشرف غنی  کی طالبان سے ملکی سیاست میں حصہ لینے کی اپیل

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان کو امن مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے طالبان  کو مسلح جدوجہد ترک کرنے اور ملک سیاست میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔

افغان صدر نے کہا کہ اگر افغان طالبان مذاکراتی عمل کا حصہ بننے پر آمادہ ہوں تو وہ انہیں افغانستان میں دفتر قائم کرنے کی اجازت دینے پر تیار ہیں۔

پیر کو کابل میں ہونے والے پہلے اجلاس میں 23 ملکوں اور یورپی یونین، اقوامِ متحدہ اور نیٹو جیسی بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

اجلاس میں افغانستان میں سکیورٹی اور سیاسی صورتِ حال بہتر بنانے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا جارہا ہے۔

افغان حکومت اس سے قبل بھی کئی بار طالبان کو مذاکرات کی دعوت دے چکی ہے جن کی مسلح جدوجہد 2001ء میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد سے مسلسل جاری ہے اور حالیہ چند برسوں کے دوران اس میں شدت آئی ہے۔

طالبان کا موقف ہے کہ افغانستان سے تمام غیر ملکی فوجوں کے انخلا کے بعد ہی افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات ممکن ہیں۔

پیر کو اپنے خطاب میں صدر اشرف غنی کا مزید کہنا تھا کہ وہ افغانستان کے تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ مضبوط سیاسی اور معاشی تعلقات قائم کرنے کے خواہش مند ہیں لیکن ان کے بقول افغانستان کو پاکستان کی جانب سے مسلسل غیر اعلانیہ جارحیت کا سامنا ہے۔



متعللقہ خبریں