بھارت کی مختلف ریاستوں میں سیلاب ، کم از کم 40 افراد ہلاک ہزاروں بےگھر

نیشنل ڈیزاسٹرریسپانس فورس نے بتایا ہے کہ  سیلاب میں پھنسے 27 ہزارسے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے

557617
بھارت کی مختلف ریاستوں میں سیلاب ، کم از کم 40 افراد ہلاک ہزاروں بےگھر

بھارت کی مختلف ریاستوں میں بارشوں کے بعد سیلاب میں کم از کم 40 افراد ہلاک جب کہ ہزاروں بےگھر ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث بھارت میں دریائے گنگا سمیت کئی دریاؤں میں سیلابی صورت حال ہے، جس سے ریاست اترپردیش، مدھیہ پردیش، بہار، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، راجستھان اوراتراکھنڈ کے بیشتر علاقے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔

حکام نے سیلاب کے باعث اب تک 40 افراد کی ہلاکت جب کہ ہزاروں کے بے گھرہونے کی تصدیق کردی ہے۔سب سے زیادہ جانی نقصان مدھیہ پردیش اوربہار میں ہوا ہے۔ حکام نے مدھیہ پردیش میں 17 جبکہ بہار میں 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔ صورت حال پر قابو پانے کے لیے امدادی کام جاری ہیں۔

بھارت میں قدرتی آفات کے بعد پیداہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے ذمہ دار ادارے نیشنل ڈیزاسٹرریسپانس فورس کا کہنا ہے کہ بہار، مدھیہ پردیش اور دوسری ریاستوں میں اب تک سیلاب میں پھنسے 27 ہزارسے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ متاثرہ ریاستوں میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی 56 ٹیمیں کام کر رہی ہیں جب کہ بہار اور اترپردیش کے سیلاب زدہ علاقوں میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی مزید دس ٹیمیں پہنچ گئی ہیں۔

واضح رہے کہ مون سون بارشوں سے بھارت میں سیلاب معمول کی بات ہے۔ امسال مغربی بنگال اورآسام میں سیلاب سے درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ تمل ناڈو اورکرناٹک میں بھی سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔



متعللقہ خبریں