روس نے ٹینکوں اور ڈرونوں کی پیداوار میں اضافہ کر دیا

اگرچہ اسلحے کی پیداوار میں اضافے نے مستقبل کے بارے میں زیادہ پُراعتماد کیا ہے لیکن ہمارا ہدف اس سے کہیں زیادہ بڑا ہے: وزیر دفاع سرگے شوئےگو

2106055
روس نے ٹینکوں اور ڈرونوں کی پیداوار میں اضافہ کر دیا

روس نے ٹینکوں اور ڈرونوں کی پیداوار میں اضافہ کر دیا ہے۔

روس کے وزیر دفاع سرگے شوئےگو نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے گذشتہ سال فوج کے زیرِ استعمال ڈرونوں کی تعداد میں 17گُنا اور ٹینکوں کی تعداد میں 6 گُنا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ توپوں اور طیاروں کے گولوں کی تعداد بھی 17،5 گُنا بڑھ گئی ہے۔

شوئے گو نے کہا ہے "اگرچہ اسلحے کی پیداوار میں اس اضافے نے مستقبل کے بارے میں زیادہ پُراعتماد کیا ہے لیکن ہمارا ہدف اس سے کہیں زیادہ بڑا ہے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ 2023 میں روس مسلح افواج میں کنٹریکٹ پر 5 لاکھ 40 ہزار سے زائد فوجیوں کی بھرتی کی گئی۔ 6 ڈیژنوں پر مشتمل اس بھرتی سے ایک اضافی فوج بن گئی ہے۔

شوئے گو نے کہا ہے کہ "گذشتہ سال کنٹریکٹ پر کی گئی بھرتی اس وقت بہترین تربیت یافتہ پیشہ ور یونٹوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک کنٹریکٹ پر تقریباً 50 ہزار افراد کی بھرتی کی جا چُکی  ہے اور اس تعداد میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ یوکرینی فوج نے 2023 کے موسم گرما سے جوابی حملوں کا آغاز کیا لیکن ابھی تک روسی فوج کی پہلی دفاعی لائن تک کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ شوئے گو کے مطابق دفاعی لائن  کے 80 فیصد کو انجینئر یونٹوں اور ریلوے لائن یونٹوں نے تعمیر کیا ہے۔

واضح رہے کہ جوابی حملوں کی تیاری کے دوران یوکرینی فریق نے کہا تھا کہ روسی فریق نے وسیع اراضی میں بارودی سرنگوں کا گھنا جال بچھایا ہوا ہے۔ جنگی مبصرین کا کہنا ہے کہ روسی دفاعی لائن کے اردگرد دُور دُور تک پھیلے بارودی سرنگوں  کے کھیت  یوکرینی آپریشن کو  ناکام بنانے والی سرفہرست وجوہات میں سے ایک ہیں۔



متعللقہ خبریں