سوڈان: متحارب قوتوں کے درمیان 7 روزہ جنگ بندی کا اعلان

سعودی عرب کے شہر جدہ میں سوڈان کے متحارب فوجی دھڑوں نے ایک نئی قلیل مدتی جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے

1988772
سوڈان: متحارب قوتوں  کے درمیان 7 روزہ جنگ بندی کا اعلان

 سعودی عرب کے شہر جدہ میں سوڈان کے متحارب فوجی دھڑوں نے ایک نئی قلیل مدتی جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔

سعودی عرب اور امریکہ نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اعلان کیا ہے کہ سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز نے جدہ میں ہونے والی بات چیت کے بعد مختصر مدت کے لیے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

سعودی عرب – امریکہ کے مشترکہ بیان کے مطابق سوڈان میں متحارب دونوں فریقین نے 22 مئی سے شروع ہونے والی سات روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے ، جنگ بندی پیر 22 مئی 2023 کو خرطوم کے وقت رات 9:45 بجے کو نافذ ہو جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کو دونوں فریقوں کی رضامندی سے بڑھایا جا سکتا ہے، معاہدے میں دونوں فریقین نے جنگ سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی ترسیل اور تقسیم، بنیادی خدمات کی بحالی، ہسپتالوں اور بنیادی عوامی سہولیات سے افواج کے انخلاء پر بھی اتفاق کیا۔

فریقین نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے والوں اور سامان کے محفوظ راستے میں سہولت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

بیان کے مطابق کہ دونوں فریقوں نے معاہدے پر دستخط کے بعد اور جنگ بندی کے آغاز سے پہلے 48 گھنٹے کے  اعلامیئے کی مدت کے دوران کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی نہ کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس سے قبل دونوں فریقین کے درمیان شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد پہنچانے سے متعلق معاہدہ ہوا تھا تاہم دونوں نے ایک دوسرے پر خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سابقہ معاہدوں کے برعکس سعودی شہر جدہ میں طے پانے والے نئے معاہدے کو امریکی، سعودی اور بین الاقوامی سرپرستی حاصل ہے ، جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے خصوصی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی ۔



متعللقہ خبریں