عالمی ادارہ صحت نے بدنظمی دکھائی، امداد روک رہا ہوں :ٹرمپ

وائٹ ہاؤس میں معمول کی  اخباری بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ادارہ صحت کی نااہلی کی وجہ سے دنیا میں کورونا وائرس کے  واقعات 20 گنا زیادہ ہوئے لہذا امداد روکی جا رہی ہے

1398354
عالمی ادارہ صحت نے بدنظمی دکھائی، امداد روک رہا ہوں :ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ  صحت کی امداد روکنے کا اعلان کیا ہے۔
 انہوں نے الزام عائد کیا کہ کورونا وائرس بحران میں اس ادارے نے انتہائی بدنظمی کا مظاہرہ کیا اور اس کے پھیلاو کے چھپائے رکھا۔
وائٹ ہاؤس میں معمول کی  اخباری بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ادارہ صحت کی نااہلی کی وجہ سے دنیا میں کورونا وائرس کے  واقعات 20 گنا زیادہ ہوئے۔

وہ اپنی بنیادی ذمے داری انجام دینے میں ناکام رہا، اس لیے اس کا احتساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ  ادارےنے چین پر سفری پابندیاں لگانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
فروری تک ادارےکا کہنا تھا کہ جن ملکوں میں کورونا وائرس کے  مریض ہیں، وہاں سفری پابندیاں لگانے کی ضرورت نہیں ہے اور یہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کا مؤثر طریقہ نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ادارہ صحت نے چین کی یقین دہانیوں کو تسلیم کیا اور چینی حکومت کے اقدامات کا دفاع کیا بلکہ اس کی نام نہاد شفافیت کی تعریف بھی کی۔
یاد رہے کہ امریکہ ہر سال ادارےکو 50 کروڑ ڈالر امداد فراہم کرتا ہے جو ادارے کے کل بجٹ کا 15 فی صد ہے۔
گزشتہ روز  اخباری  بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ادارےکی رقم روک کر ان مقامات پر خود خرچ کریں گے جہاں اس کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ الزام عائد کر چکے ہیں کہ ادارےنے غلط معلومات فراہم کیں اور اس کا جھکاؤ چین کی جانب ہے البتہ  ادارےکی جانب سے ان الزامات کو مسترد کیا جا چکا ہے۔
صدر ٹرمپ کو خود بھی اس تنقید کا سامنا ہے کہ انھوں نے کورونا وائرس کو روکنے کے لیے جلدی اور مؤثر اقدامات نہیں کیے جس کی وجہ سے امریکا میں چھ لاکھ سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں اور اب تک 26 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ اس تنقید کے جواب میں کہتے ہیں کہ انھوں نے بروقت اقدامات کیے تھے اور چین اور یورپ پر سفری پابندیاں لگانے کی وجہ سے ان پر اس وقت تنقید کی جارہی تھی لیکن انھوں نے وہی فیصلے کیے جن کی ضرورت تھی۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے امداد روکنے کے اعلان کے بعد اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا ایک بیان سامنے آیا ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ وہ وقت نہیں  کہ جس میں عالمی ادارۂ صحت کے وسائل میں کٹوتی کی جائے۔

ان کے بقول، کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور اس کے اثرات پر قابو پانے کے لیے بین الاقوامی برادری کو متحد ہو کر ایک دوسرے سے تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔



متعللقہ خبریں