کشمیر مشن کے لیے نیو یارک میں موجود وزیراعظم عمران خان کی مختلف اعلیٰ شخصیات سےملاقاتیں

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمر ان خان ”مشن کشمیر“ کے سلسلہ میں امریکہ کے شہر نیویارک میں موجود ہیں۔ اتوار کو اہم شخصیات نے ان سے ملاقاتیں کیں جن میں امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی شامل ہیں

1274245
کشمیر مشن کے لیے نیو یارک میں  موجود وزیراعظم عمران خان کی مختلف اعلیٰ شخصیات سےملاقاتیں

وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو انتہائی مصروف دن گزارا۔ امریکی سینیٹر زاور خصوصی نمائندہ سمیت مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمر ان خان ”مشن کشمیر“ کے سلسلہ میں امریکہ کے شہر نیویارک میں موجود ہیں۔ اتوار کو اہم شخصیات نے ان سے ملاقاتیں کیں جن میں امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی شامل ہیں۔

 ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن کیلئے پاک امریکہ مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینٹ جوڈیشری کمیٹی کے چیئر مین اور خارجہ امور کمیٹی کے رکن سینیٹر لنزے گراہم نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاﺅن کی وجہ سے پیدا شدہ انسانی بحران کے حوالے سے وزیراعظم نے تفصیلات بیان کیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط کرنے میں سینیٹر لنزے گراہم کے تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان سے امریکہ میں مقیم کشمیری نمائندوں کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد نے مقبوضہ کشمیر کی تباہ کن صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفد میں ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر غلام میر اور دیگر شامل تھے۔

وزیراعظم عمران خان سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ واقعات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کردار کو سراہا۔

 

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاﺅن سے انسانی بحران نے جنم لیا ہے ، مسئلہ کشمیر خطے میں دیرپا امن کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی اقدام سے خطے کے استحکام کو خطرہ لاحق ہے، امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ری پبلکن سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لنزے گراہم سینیٹ جوڈیشری کمیٹی کے چیئرمین اور خارجہ امور کمیٹی کے رکن ہیں۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خارجہ سیکرٹری سہیل محمود، پاکستانی سفیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط کرنے میں سینیٹر لنزے گراہم کے تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاﺅن سے انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی اقدام سے خطے کے استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر خطے میں دیرپا امن کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ افغان تنازعہ کے حل کیلئے امریکہ کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ توقع ہے کہ افغان امن عمل جلد دوبارہ شروع ہوجائے گا۔

وزیراعظم عمران خان سے افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے نیویارک میں ملاقات کی۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن کے لئے پاک امریکہ مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکی سفیر زلمے خلیل زاد کی افغانستان کے پرامن سیاسی حل کے لئے کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ افغانستان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے لئے کوششیں اور تعاون جاری رکھے گا اور امید ہے افغان امن عمل جلد دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں حالیہ تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کا امن پاکستان کی حکومت کا وژن ہے۔ پرامن ہمسائیگی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔ تمام فریقین کو چاہیے کہ امن کے استحکام اور مفاہمت کے فروغ کے لئے مشترکہ ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے افغان امن اور مفاہمتی عمل کے لئے وزیراعظم عمران خان کے تعاون کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے امریکہ میں مقیم کشمیری نمائندوں کے ایک وفد نے نیویارک میں ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تباہ کن صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد میں ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر غلام میر، ڈاکٹر خالد قاضی، امتیاز خان، عبدالرﺅف میر، سردار سرور خان اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے بین الاقوامی فورمز پر موثر انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں گرفتار ان کشمیریوں کے قریبی عزیز واقارب بھی شامل تھے جن کے ساتھ تمام رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے سفیر کی حیثیت سے تمام بین الاقوامی فورمز پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔



متعللقہ خبریں