ڈنمارک میں طویل ترین اور آسٹریلیا میں مختصر ترین روزہ ہو گا

اس سال یورپ کے روزے پوری دنیا میں سب سے طویل اور آسٹریلیا اور چلی کے روزے مختصر ترین ہوں گے۔

505922
ڈنمارک میں طویل ترین اور آسٹریلیا میں مختصر ترین روزہ ہو گا

 

دنیا بھر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہوچکا ہے جس میں اہل ایمان روزے رکھ رہے ہیں جب کہ مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ بھی مختلف ہوتا ہے اور اس سال یورپ کے روزے پوری دنیا میں سب سے طویل اور آسٹریلیا اور چلی کے روزے مختصر ترین ہوں گے۔

ڈنمارک میں اوسطاً 21 گھنٹے اور کچھ منٹ کا روزہ ہوگا۔ اس کے علاوہ آئس لینڈ، ناروے اور سویڈن کا روزہ اوسطاً 20 گھنٹے کا ہوگا۔ برطانیہ میں مسلمانوں کی کثیر تعداد آباد ہے جہاں روزہ 18 گھنٹے 59 منٹ تک کا ہوگا اور دوسری جانب جرمنی میں 18 گھنٹے 9 منٹ کا روزہ ہوگا۔

جنوبی امریکی ممالک میں ارجنٹائن  کا روزہ مختصر ترین ہوگا جس کا دورانیہ 12 گھنٹے 21 منٹ بتایا جارہا ہے۔ آسٹریلیا میں روزہ 10 گھنٹے اور کچھ منٹ کا ہوگا جب کہ چلی اور برازیل بالترتیب میں 13 گھنٹے 9 منٹ اور 11 گھنٹے 58 منٹ کا روزہ متوقع ہے۔

شمالی امریکا کے ممالک میں روزہ 15 سے 18 گھنٹے ہے جب کہ واشنگٹن ڈی سی میں اوسطاً 16 گھنٹے 44 منٹ کا روزہ ہوگا۔ کینیڈا میں روزہ اوسط 18 گھنٹے اور 9 منٹ کا ہوگا۔

سعودی عرب میں روزہ 16 گھنٹے اور 13 منٹ کا ہے جب کہ متحدہ عرب امارات کے ممالک میں یہ دورانیہ 15 گھنٹے اور 23 منٹ کا ہوگا۔ کویت میں 15 گھنٹے اور 59 منٹ کا روزہ ہے۔ تاہم مشرقِ وسطیٰ میں 33 سال کے بعد شدید ترین گرمی پڑنے کا امکان ہے جب کہ سعودی عرب میں اس موسمِ گرما میں درجہ حرارت بہت بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ جنوبی افریقا میں روزہ صرف 12 گھنٹے کا ہوگا جب کہ مصر، تیونس اور الجزائر جیسے ممالک میں روزہ ساڑھے 16 سے ساڑھے 17 گھنٹے تک کا ہوگا۔

پاکستان اور ہندوستان میں اوسطاً بالترتیب 16.5 اور 17 گھنٹے 11 منٹ کا روزہ ہوگا۔ پورے ایشیا میں روس کا روزہ طویل ترین یعنی 20 گھنٹے 49 منٹ کا ہوگا۔ چین کے مسلمان اوسطاً 17 گھنٹے 28 منٹ کا روزہ رکھیں گے۔



متعللقہ خبریں