پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف کا ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان سے ٹیلی فونک رابطہ
پاکستان کے وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے عید الاضحیٰ کی پرتپاک مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے صدر ایردوان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا
پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے ہفتہ کو ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ترکیہ کی حکومت اور عوام کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔
پاکستان کے وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے عید الاضحیٰ کی پرتپاک مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے صدر ایردوان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ترکی کے صدر نے بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لئے دعا بھی کی۔ اس تناظر میں، صدر ایردوان نے آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کے لئے اپنی حکومت کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
ترکی کے اپنے حالیہ دورے اور ان کے وفد کی گرمجوشی سے کی گئی مہمان نوازی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے عالمی توانائی اور خوراک کے بحران سے نمٹنے کے لئے تعاون بڑھانے سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وہ ستمبر 2022 میں پاکستان میں ہونے والے اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس میں صدر ایردوان کے استقبال کے منتظر ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکی کے صدر کے دورہ پاکستان سے نئی راہیں کھلیں گی اور اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کومزید وسعت ملے گی