انقرہ میں سفیر پاکستان کی رہائش گاہ پر یومِ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کی پُرجوش تقریب

اس خصوصی  تقریب  میں  سفارتخانہ  پاکستان کے سفارتکاروں، سٹاف کے علاوہ انقرہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، ترک مہمانوں اور مقامی میڈیا نے بڑی تعداد  میں  شرکت کی

1800697
انقرہ میں سفیر پاکستان کی رہائش گاہ پر یومِ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کی پُرجوش تقریب

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں آج 23 مارچ یوم پاکستان   کی 75 ویں سالگرہ بڑے  جوش و خروش سے  سفیر پاکستان کی رہائش گاہ پر منائی گئی۔

 

سفیر پاکستان  کی رہائش گاہ کے احاطے میں  سب سے پہلے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ قومی ترانے کی ہمراہی میں سفیر پاکستان جناب محمد سائرس سجاد قاضی نے چاند ستارے والے پرچم کوبلند کیا۔ یومِ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر  تمام حاضرین اور خاص طور پر پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے بچوں نے اس خصوصی  تقریب میں ہاتھوں میں پرچم لہرا کر  سماں  باندھ دیا۔   حاضرین نے قومی ترانہ  پڑھتے ہوئے اپنے وطن کے اس  اہم موقع کو دلی طور پر محسوس کیا۔

پر چم کشائی کی اس تقریب کے بعدسفیر پاکستان  کی رہائش گاہ کے ہال میں تقریب کا با قاعدہ  آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔

تلاوتِ کلام پاک کے بعد سفارتخانہ  پاکستان کے قونصلر ہشام  احمد   نے وزیراعظم پاکستان عمران خان  کا  اور  ڈپٹی ہیڈ آف مشن  عباس سرور قریشی  نے صدِر پاکستان ڈاکٹر عارف  علوی کے    یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی پیغامات کو پڑھ کر سنایا۔

بعدازاں سفیرِ پاکستان جناب  محمد سائرس  سجاد قاضی  نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوم پاکستان کی دلی مبارکباد پیش کی اور اس موقع کی مناسبت سے اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ہمارے پیارے وطن کے نظریے کی بنیاد  رکھی  گئی تھی

انہوں نے کہا کہ  یہ ملک آزادی  کے علم کو ہمیشہ بلندیوں پر لہراتا رہے گا۔ خوشحالی اور کامیابیاں اس کے قدم چومیں گی اور یہ عالمی سطح پر اپنے وقار اور طاقت کو مزید تقویت دیتا رہے گا۔

سفیر پاکستان  کے خطاب کے بعد  پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور  امن  و امان کے قیام  کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔  

دعا کے بعد سفیر پاکستان ، ان کی اہلیہ اور دیگر سفارتکاروں،  ان کی بیگمات اور بچوں نے  مل کر کیک کاٹا ۔

یومِ پاکستان کی یہ خصوصی تقریب  انواع اقسام کے کھانوں  جسے ترک باشندوں نے بے حد پسند کیا  اور پاکستان کھانوں کی لذت سے خوب لطف اندوز ہوئے اپنے اختتام کر پہنچی



متعللقہ خبریں