ترکی سالوں سے شعبہ صحت میں کی گئی سرمایہ کاریوں کا ثمر وصول کر رہا ہے: آلتن

کورونا وائرس کے مفت ٹیسٹ اور علاج اور انتہائی نگہداشت یونٹ کی بھرپور صلاحیت کے حوالے سے یورپ بھر میں ترکی پہلے نمبر پر ہے: فخر الدین آلتن

1401072
ترکی سالوں سے شعبہ صحت میں کی گئی سرمایہ کاریوں کا ثمر وصول کر رہا ہے: آلتن

ترکی کے صدارتی دفتر شعبہ مواصلات کے سربراہ فخر الدین آلتن نے کہا ہے کہ نظام صحت کے شعبے میں کی گئی سرمایہ کاریوں کے نتیجے میں ترکی کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا میں کم ترین شرح اموات والے ممالک میں سے ایک ہے۔

آلتن نے ٹویٹر سے انگریزی زبان میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت سالوں سے شعبہ صحت کی صلاحیت میں اضافے کے لئے سرمایہ کاریاں کر رہی ہے اور کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کے دوران ان سرمایہ کاریوں کا ثمر مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بعض ممالک کو ہسپتالوں کی ناکافی صلاحیت کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے لیکن ترکی کے ہسپتال ابھی تک بھرپور صلاحیت کے ساتھ خدمات فراہم کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔

آلتن نے کہا ہے کہ عوام کی صحت کی ضروریات کو بلا کم و کاست پورا کئے جانے کے پیچھے جو طاقت کارفرما ہے وہ صدر رجب طیب ایردوان ہیں۔ اس موضوع پر ان کی قیادت کی وجہ سے ترکی میں یونیورسل ہیلتھ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ یا علاج کی کسی سے کوئی اُجرت وصول نہیں کی جا رہی۔ اس کے علاوہ ترکی کے انتہائی نگداشت یونٹوں نے بھی صلاحیت کے اعتبار سے متعدد ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس حوالے سے یورپ بھر میں ترکی پہلے نمبر پر ہے۔

فخر الدین آلتن نے کہا ہے کہ بیماری کی علامات کے ساتھ ہسپتال جانے والے کسی بھی شہری کو ٹیسٹ سے محروم نہیں رکھا گیا۔



متعللقہ خبریں