ترکی: کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی

نئے مریض یا توبراہ راست امریکہ، مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک سے لوٹے ہیں یا پھر ان ممالک سے لوٹنے والوں کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں: وزیر صحت فخر الدین کھوجا

1379403
ترکی: کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی

ترکی میں کورونا وائرس کووِڈ۔19 کے مریضوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی ہے۔

وزیر صحت فخر الدین کھوجا نے ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ " 29 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ سب افراد یا توبراہ راست امریکہ، مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک سے لوٹے ہیں یا پھر ان ممالک سے لوٹنے والوں کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔ مریضوں میں سے 3 افراد عمرے سے لوٹے ہیں"۔

اس دوران شہریوں کو کورونا وباء سے محفوظ رکھنے اور وباء کے پھیلاو کا سدباب کرنے کے لئے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

حفاظتی اقدامات کے ذیل میں عوام کے لئے کھلے تفریحی واستراحت کے مقامات مثلاً تھئیٹر، سینیما، نمائش مراکز، کانسرٹ ہال، شادی ہال اور لائیو موسیقی والے ہوٹل کل رات سے عارضی طور پر بند کر دئیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں ترکی کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے برطانیہ، سوٹزر لینڈ، سعودی عرب، مصر، آئرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کے لئے پروازوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

ترکی محکمہ مذہبی امور کے سربراہ علی ایرباش نے بھی جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جب تک کورونا وائرس کے پھیلاو کا خطرہ ٹل نہیں جاتا اس وقت تک نماز جمعہ سمیت پانچوں وقت نماز کے لئے مساجد اور جامع مساجد کو جماعت کے لئے بند رکھا جائے گا۔

صدر رجب طیب ایردوان بھی کل موضوع سے متعلق جامع اجلاس کریں گے۔



متعللقہ خبریں