روس کے صدر پوتن ترکی کے دورے پر، روس ترکی کو وقت سے قبل ایس 400 میزائیل فراہم کرے گا

صدر ررجب طیب ایردوان نے انقرہ کے سرکاری دورے پر موجود روس کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ صدارتی پیلس میں بند کمرے کے ملاقات کی اور بعد ازاں دونوں صدور نے "ترکی۔روس اعلیٰ سطحی تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کی

943930
روس کے صدر پوتن ترکی کے دورے پر، روس ترکی کو وقت سے قبل  ایس 400 میزائیل  فراہم کرے گا

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ روس سے خریدے جانے والے S-400 میزائلوں کی ترکی کو فراہمی مقررہ وقت سے پہلے کی جائے گی۔

صدر ررجب طیب ایردوان نے انقرہ کے سرکاری دورے پر موجود روس کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ صدارتی پیلس میں بند کمرے کے ملاقات کی اور بعد ازاں دونوں صدور نے "ترکی۔روس اعلیٰ سطحی تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر رجب طیب ایردوان نے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر ایک دفعہ پھر صدر پوتن کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انتخابات کے بعد صدر پوتن کا پہلا دورہ ترکی کا کرنا قابل مسرت بات ہے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ دو طرفہ اور بین الوفود مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کا موقع ملا۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ہمارا تجارتی ہدف 100 بلین ڈالر ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج ضلع مرسین میں ترکی کے پہلے جوہری پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور ہمیں امید ہے کہ یہ پاور پلانٹ سال 2023 تک مکمل ہو جائے گا۔ توقع ہے کہ اس جوہری پاور پلانٹ پر متوقع سرمایہ کاری 20 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔

شام کے موضوع پر بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ بعض خلاف ورزیوں کے باوجود قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں طے پانے والے فائر بندی کے سمجھوتے میں ہم نے بڑے اہداف تک رسائی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکمل طور پر نہ بھی ہو تو بھی ہم نے شام میں بڑے پیمانے پر شہری جانی نقصان پر قابو پا لیا ہے۔

ترکی۔روس۔ایران سہ فریقی سربراہی اجلاس کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ کل متوقع سہ فریقی اجلاس میں ہمیں آستانہ مذاکرات پر زیادہ مختلف شکل میں غور کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ہمیں ترک مسلح افواج کے عفرین آپریشن کے نتائج کے بارے میں بھی صدر پوتن کو آگاہ کرنے کا موقع ملا۔ میں نے شام کی زمینی سالمیت کے حوالے سے اس آپریشن کی اہمیت پر زور دیا۔ کیونکہ شام کا مستقبل ہمارے لئے اتنا اہم ہے کہ اسے داعش اور پی کے کے کی شامی شاخ وائے پی جی جیسی دہشت گرد تنظیموں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ مذاکرات میں ہم نے صدر ایردوان کے ہمراہ دو طرفہ اور علاقائی موضوعات پر تبادلہ خیالات کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ ہمارے تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے مختلف موضوعات پر نئے سمجھوتوں کے لئے متعلقہ اداروں کو تیاری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں اور ہم دو طرفہ سرمایہ کاری میں فروغ کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ترک رو گیس پائپ لائن کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر پوتن نے کہا کہ سمندر میں دو مختلف پائپ لائنیں بچھا دی گئی ہیں اور مختصر مدت میں منصوبے کے زمینی حصے میں بھی پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

صدر ایردوان کے ساتھ S-400 میزائل سسٹم کے سمجھوتے پر بھی بات کرنے کا ذکر کرتے ہوئے صدر پوتن نے کہا کہ ہم نے، میزائل سسٹم کی ترکی کو فراہمی کے عمل میں بھی تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔  



متعللقہ خبریں