صدر ایردوان فنکاروں اور کھلاڑیوں کے ساتھ افطاری کی میز پر

کھلاڑیوں اور فنکاروں کو معاشرے کے لئے مثالی انسان ہونا چاہیے، جو اس ذمہ داری کا احساس نہیں کرتے انہیں جان لینا چاہیے کہ وہ صرف خود کو ہی نہیں ملت کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں: صدر رجب طیب ایردوان

751367
صدر ایردوان فنکاروں اور کھلاڑیوں کے ساتھ افطاری کی میز پر

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ عرفان سے بے بہرہ ثقافت اور فنون لطیفہ کے ساتھ  اور اخلاق سے محروم کھیل کے ساتھ کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی۔

صدر رجب طیب ایردوان نے اپنی اہلیہ امینہ ایردوان کے ہمراہ استنبول  میں طرابیہ ریذیڈینس میں دی گئی افطاری میں فنکاروں اور کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ثقافت، فن اور کھیل کو مخصوص طبقوں کی حکمرانی میں رکھنے کے رجحان کا ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ اس کے بالکل برعکس اس روّیے نے ہر شعبے میں ایک  افسوس ناک   سطحیت کی راہ ہموار کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ثقافت، فن اور کھیل میں ہم جس مقام پر موجود ہیں وہ ترکی کی طاقت اور صلاحیت سے ہم آہنگ نہیں ہے۔ ہم عرفان سے بے بہرہ ثقافت اور فنون لطیفہ کے ساتھ ا ور اخلاق سے محروم کھیل کے ساتھ کوئی مقام حاصل نہیں کر سکتے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ اس نقطہ نظر کے ساتھ ہم عالمی سطح پر نام اور کام کا مالک بننا تو ایک طرف  اپنی ملت  کی معمولی توقعات تک کو پورا نہیں کر سکتے۔  

انہوں نے کہا کہ حکومت کو فن و ثقافت اور کھیل کا منتظم نہیں بلکہ اس کے ساتھ تعاون کرنے والا ہونا چاہیے۔ اصولی طور پر میں، فنکاروں کا سرکاری ملازم ہونا درست خیال نہیں کرتا ،میرے خیال میں  درست ترین طریقہ یہ ہے کہ تمام فنکار اپنی آزاد دنیا میں فن کا مظاہرہ کریں۔

کھلاڑیوں اور فنکاروں کے معاشرے کے لئے مثالی انسان ہونے پر زور دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ جو اس ذمہ داری کا احساس نہیں کرتے انہیں جان لینا چاہیے کہ وہ صرف خود کو ہی نہیں ملت کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

استنبول  تقسیم اسکوائر میں واقع اتاترک ثقافتی مرکز   کی عمارت  کو گرا کر ایک نئی عمارت کی تعمیر سے آگاہ کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ اس سلسلے میں پروجیکٹ کے مرحلے کا کام مکمل ہو گیا ہے اور اب ہم اس پروجیکٹ کے اطلاق کا کام شروع کریں گے۔



متعللقہ خبریں