فرات ڈھال آپریشن عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے شروع کیا گیا ہے

ترکی اپنی حدود کے اندر بھی اور باہر بھی  دہشت گرد عناصر کو کنٹرول کر سکنے کی طاقت رکھتا ہے۔ وزیر اعظم بن علی یلدرم

637343
فرات ڈھال آپریشن عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے شروع کیا گیا ہے

ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ترکی کا فرات ڈھال آپریشن ترک عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی نظر کسی کی زمین پر  نہیں ہے اپنے عوام کی جان و مال کا تحفظ ہمارے لئے ہر چیز پر فوقیت رکھتا ہے۔

ترکی کی برآمداتی کمیٹی کے برآمداتی ایوارڈ  کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ ترکی اپنی حدود کے اندر بھی اور باہر بھی  دہشت گرد عناصر کو کنٹرول کر سکنے کی طاقت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے  جنوب میں جنگ ہے اور ملک کی جنوبی سرحدوں کو بڑے پیمانے پر خطرے کا سامنا ہے، اس خطرے کو ختم کرنے اور اپنے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے صرف ملک کے اندر ہی جدوجہد کافی نہیں ہے بلکہ باہر سے آنے والی لاجسٹک امداد کو  بھی اس کے مقام پر روکنا ضروری ہے۔  اسی لئے ہم فرات ڈھال آپریشن کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم یلدرم نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ابھی تک ایسے حلقے موجود ہیں جو اس مقصد کو نہیں سمجھ رہے۔ لیکن جب ترکی کے شہروں کیلیس اورغازی آنتیپ میں گرنے والے بموں  اور راکٹوں سے وہاں کے معصوم انسان ہلاک ہوں  گے تو ہم کیا جواب دیں گے؟ ان کا جواب  ہم وہ بم  اور راکٹ گرانے والوں کو ان کی موجودگی کی جگہ پر ختم کر کے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری زمین ہمیں کافی ہے۔ ہماری نظر کسی کی زمین پر نہیں ہے  لیکن ہمارے عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر چیز پر فوقیت رکھتا ہے اور آج ترکی اتنی طاقت  رکھتا ہے کہ اس مقصد میں اپنی  سرحدوں کے اندر بھی اور باہر بھی کامیابی حاصل کر سکے۔

وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ سال 2017 زیادہ خوبصورت ہو گا مایوسی کا شکار ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔  جس مشکل سے ہم اس وقت گزر رہے ہیں وہ  ترکی کے روشن مستقبل سے پہلے کی مشکلات ہیں۔ سال 2017 میں ترکی ایک بالکل ایک نئی شکل میں ابھرے گا اور علاقے میں بھی  اور دنیا بھر میں بھی وہ مقام حاصل کر لے گا کہ جس کا وہ حقدار ہے۔



متعللقہ خبریں