دہشتگردی کا خاتمہ ہو کر رہے گا اور فتح  و کامرانی اس ملت کا مقدر ہو گی: صدر ایردوان

اس ملت نے تاریخ بھر میں جیسے صلیبی ذہنیت کے خلاف جدوجہد کی اسی طرح اب بھی  اس مشکل وقت میں اللہ کی مدد سے اس مسئلے کو حل کرے گی: صدر رجب طیب ایردوان

632722
دہشتگردی کا خاتمہ ہو کر رہے گا اور فتح  و کامرانی اس ملت کا مقدر ہو گی: صدر ایردوان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہو کر رہے گا اور فتح  و کامرانی اس ملت کا مقدر ہو گی۔

صدر ایردوان نے ضلع ترابزون پہنچنے پر ائیر پورٹ کے سامنے ان کے منتظر شہریوں سے خطاب کیا۔

خطاب کے آغاز میں انہوں نے قیصری میں دہشتگردی کے حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ارشاد رباّنی ہے کہ اللہ کی راہ میں ہلاک ہونے والوں کو مردہ مت کہو وہ زندہ ہیں لیکن تم اسے نہیں جانتے۔

انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد  الثانی کے ساتھ متوقع ترکی۔ قطر ہائی اسٹریٹجی کمیٹی کے دوسرے اجلاس   اور افتتاحی تقریب کے ملتوی نہ ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے حملے ہمیں ہمارے راستے سے نہیں ہٹا سکتے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ وہ آج  آق یازی  اسپورٹس کمپلیکس کی متوقع افتتاحی تقریب   کے موقع پر  بھی شہریوں سے ملاقات کریں گے اور یہ ملاقات اور اتحاد   دہشت گردی کے لئے  ایک جواب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملت جس راستے پر آگے بڑھ رہی ہے اس میں یہ ایک جسد واحد ہے۔ میں آپ سے ہمیشہ کہتا ہوں کہ اور اب بھی کہہ رہا ہوں کہ ہم سب یک وجود ہوں گے تو مضبوط ہوں گے۔ وہ خواہ خود کش حملہ آور ہوں خواہ کسی بھی نوعیت کے بموں سے حملہ کریں آخر کار ختم ہو کر رہیں گے، مٹ کر رہیں گے لیکن  یہ ملت ہرگز ختم نہیں ہو گی۔

صدر ایردوان نے کہا کہ اس ملت نے تاریخ بھر میں جیسے صلیبی ذہنیت کے خلاف جدوجہد کی اسی طرح اب بھی  اس مشکل وقت میں اللہ کی مدد سے اس مسئلے کو حل کرے گی۔  اس کامیابی کے لئے بس اتنا کافی ہے کہ آپ ان دہشت گردوں کو  اپنے اندر شامل ہونے کی اجازت نہ دیں۔

صدر ایردوان نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کسی مشکوک یا دہشت گرد کو جانتے ہیں تو فوری طور پر سکیورٹی فورسز کو مطلع کریں کیونکہ یہ صرف سکیورٹی کے شعبے کی ہی ذمہ داری نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں، ہر محلّے کے ہر گاوں کے کونسلروں سے، کہتا  رہتا ہوں کہ اس بات کو آپ سے بہتر کون جان سکتا ہے کہ آپ کے محّلے یا گاوں میں کون نیا آیا ہے؟ کیسا ہے ؟ کیا کرتا ہے؟ مشتبہ افراد کے بارے میں فوری طور پر سکیورٹی فورسز کو مطلع کریں ۔ آپ کو اس بارے میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ  ہم ان سب کو  پکڑ کر رہیں گے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے آج شام 6 بجے متوقع آق یازی اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب میں بھی شہریوں کو مدعو کیا۔



متعللقہ خبریں