دہشت گرد تنظیموں کا پروپیگنڈہ ناقابل قبول ہے: احمد داود اولو

دہشت گردی ایک ایسا اہم موضوع ہے جس پر ہم سب کو رنگ، نسل یا مذہب کی تفریق کئے بغیر غور کرنے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم احمد داود اولو

347843
دہشت گرد تنظیموں کا پروپیگنڈہ ناقابل قبول ہے: احمد داود اولو

ترکی کے وزیر اعظم احمد داود اولو نے اقوام متحدہ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اہم پیغامات دئیے۔۔۔
داود اولو نے کہا کہ ترکی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پُرعزم طریقے سے کاروائیاں کر رہا ہے۔
انہوں نے عالمی تعاون کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک ایسا اہم موضوع ہے جس پر ہم سب کو رنگ، نسل یا مذہب کی تفریق کئے بغیر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
داود اولو نے کہا کہ ترکی کو بھی دہشت گرد تنظیم داعش، PKK ، DHKP-C اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی وجہ سے نہایت سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے۔ ترکی کا طرز عمل تمام دہشت گرد تنظیموں کے لئے ایک جیسا ہے اور میں تمام رہنماوں کو دہشت گردی کے بارے میں ترکی کے نقطہ نظر سے آگاہ کروں گا۔
ذرائع ابلاغ کی آزادی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم احمد داود اولو نے کہا کہ ترکی ایک جمہوری ملک ہے۔ آج ترکی کو داعش، PKK ، DHKP-C جیسی دہشت گرد تنظیموں کے حملوں کا سامنا ہے تاہم دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے مرحلے میں ہم سب کو بعض بنیادی اقدار کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم دہشت گرد تنظیموں کے لئے پروپیگنڈہ کئے جانے کو قبول نہیں کر سکتے۔
وزیر اعظم نے شام اور اس کے جوار میں درپیش حالات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ" بشار الاسد جنگی جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں، اس تمام انسانی المیے کے اوّلین ذمہ دار اسد ہیں۔ انہوں نے کیمیائی اسلحے کا استعمال کیا اور یہ سب انسانیت سوز جرائم ہیں۔ لہذا جب تک وہ اقتدار میں ہیں مسئلے کے حل کی تلاش ناممکن ہے۔ اسد اور دہشت گرد تنظیموں کے بغیر کسی عبوری مرحلے کا رُخ کرنے کی ضرورت ہے"۔
پریس کانفرنس کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل کمیٹی کے پائیدار ترقی کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں داود اولو نے کہا کہ انسانی بحران اور کثیر تعداد میں انسانوں کے بے گھر اور بے وطن ہونے جیسے مسائل دنیا کے مستقبل کے لئے ایک سنجیدہ سطح کا خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکی نے ضرورت مند ملکوں کے لئے امداد میں اضافہ کر دیا ہے اور صرف سال 2014 میں ساڑھے 3 بلین ڈالر کی امداد فراہم کی گئی ہے۔ ہر ایک کے لئے ایک اچھے مستقبل کے حوالے سے ہم اپنی ذمہ داریوں کو پورا کر رہے ہیں کیوں کہ ہماری سوچ کے مطابق یہ بات نہایت اہمیت کی حامل ہے کہ ترقی کے مرحلے میں کوئی بھی پیچھے نہ رہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں