مسئلہ کشمیر پرکشمیریوں اور پاکستان کےاصولی موقف کی کھلی حمایت پرہم ترکی کےشکرگزار ہیں: سفیر پاکستان

تقریب میں بڑی تعداد میں  انقرہ میں  مقیم پاکستانی باشندوں ، پاکستان کے سفارتکاروں اور ممتاز ترک شخصیات نے شرکت کی۔ سب سے  پہلے قومی ترانہ بجایا گیا اور اس کے بعد  تقریب کا باقاعدہ  آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا

1773895
مسئلہ کشمیر پرکشمیریوں اور پاکستان کےاصولی موقف کی کھلی حمایت پرہم ترکی کےشکرگزار ہیں: سفیر پاکستان

انقرہ  میں سفیر پاکستان  محمد سائرس سجاد قاضی کی رہائش گاہ پر  یوم یکجہتی کشمیر  سے  متعلق  خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں  انقرہ میں  مقیم پاکستانی باشندوں ، پاکستان کے سفارتکاروں اور ممتاز ترک شخصیات نے شرکت کی۔

 سب سے  پہلے قومی ترانہ بجایا گیا اور اس کے بعد  تقریب کا باقاعدہ  آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ 

تلاوتِ  کلام پاک کے بعد  سفارتخانہ پاکستان کے قونصلر   سید عاطف رضا  نے وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی اور  ڈپٹی ہیڈ آف مشن عباس سرور قریشی  نے  صدر پاکستان ڈاکٹر  عارف  علوی اور  وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔

ترکی میں پاکستان کے سفیر    محمد سائرس سجاد قاضی نے حاضرین سے  خطاب کرتے  مسئلہ کشمیر  پر کشمیریوں اور  پاکستان کے موقف کی  کھل کر حمایت کر نے  پر حکومتِ ترکی اور ترک عوام کا شکریہ ادا کیا۔

 انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے کشمیر کے بہادر عوام اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے جدو جہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ 5  فروری اس دن کی یاد دہانی ہے کہ بھارت اپنے ہی کئے ہوئے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہی جنوری 1948 میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے کر گیا اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو تسلیم کیا لیکن 75 سال گزرنے کے باوجود بھارت اپنے وعدے پورے نہیں کر رہا ہے۔ دوسری طرف بھارت کشمیریوں پر ہر روز ظلم کی ایک نئی داستان رقم کر رہا ہے۔

کشمیر کی آزادی کو دبانے کے لئے بھارت نے تمام سیاسی، سفارتی، عسکری، معاشی، پارلیمانی، آئینی و قانونی اور آبادی کے تناسب کے اعداد و شمار میں ہیر پھیر کے تمام طریقے آزما لئے ہیں لیکن کشمیری اپنی آزادی کی خواہش سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  بھارت کی جانب سے   پانچ  اگست  2019ء کو آئین کے آرٹیکل 370 کو  یکطرفہ خاتمے کے ساتھ ریاست جموں وکشمیر کو خصوصی حیثیت ختم ہونے سے یہ مسئلہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے،بھارتی حکومت کے یکطرفہ فیصلے کے بعد سے جموں و کشمیر کےعوام  خاص طور پر   مسلمانوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت مقامی آبادی کو خوف زدہ کرنے کے لئے انسانی حقوق پامال کر رہا ہے۔ بھارت آج کے جدید دور میں بھی کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی نئی مثالیں قائم کر رہا ہے۔ بھارت کے ہر ظلم اور زیادتی کا نتیجہ یہی برآمد ہو رہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی روز بروز تیز ہوتی جا رہی ہے۔

سائرس سجاد قاضی نے جموں کشمیر کے تنازعے کے حل کی حمایت میں ترکی کے اصولی موقف کا شکریہ ادا  کرتے ہوئے کہا کہ  ہمیں فخر ہے کہ حکومتِ ترکی ، ترک  پارلیمنٹ اور ترک عوام کشمیر کی آزادی میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

سفیر پاکستان کے خظاب کے بعد کشمیر کی آزادی کے لیے دعا کروائی گئی اور اس کے بعد یہ تقریب چائے کی تواضع  سے اپنے اختتام کو پہنچی ۔

 



متعللقہ خبریں