ایران کے صدرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے

اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر،صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم محمد شہباز شریف ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقاتیں کریں گے

2130505
ایران کے صدرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے،نورخان ایئربیس پروفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ اوردیگر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا،اس موقعے پربچوں نےروایتی اندازمیں ایرانی صدرکوپھول پیش کئے۔

اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر،صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم محمد شہباز شریف ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کا دور بھی ہو گا ۔ آج وزیراعظم ہاؤس آمد پر ایرانی صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا،ایرانی صدر اور وزیراعظم شہبازشریف وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں ارتھ ڈے کی مناسبت سے پودا لگائیں گے۔دونوں رہنما ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ دونوں رہنما اسلام آباد کی ایک شاہراہ کو ایران ایوینیو کا نام دینے کی تقریب میں بھی شریک ہو ں گے اور ایک ساتھ پریس ٹاک بھی کریں گے۔

وزیراعظم ایرانی صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔ایرانی صدر لاہور اور کراچی بھی جائیں گے اور صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ فریقین کے پاس پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت،رابطے ،توانائی ، زراعت اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا وسیع ایجنڈا ہوگا۔وہ علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون پر بھی بات کریں گے۔پاکستان اورایران کے درمیان تاریخ، ثقافت اور مذہب میں جڑے مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔یہ دورہ پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

 



متعللقہ خبریں