چشمہ شفاء۔52

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے جسم میں خون کی کمی اور اس کا گھریلو علاج

2029911
چشمہ شفاء۔52

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام چشمہ شفاء کے ساتھ آپ کے خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے جسم میں خون کی کمی اور اس کا گھریلو علاج۔

خون کی کمی یا انیمیا کی بیماری خون میں سرخ خلیات کی کمی کی وجہ سے ظاہر ہوتی ہے۔  سرخ خلیات  جسم میں اعضاء اور اعصاب تک ضروری آکسیجن پہنچانے  کے لئے نہایت اہمیت کے حامل خلیات ہیں اور  جب جسم  میں گردش کرتے خون میں سرخ خلیات  کم ہو جاتے ہیں تو انسان انیمیا یا خون کی کمی میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

 

جسم میں خون کی کمی کی وجوہات:

  • جسم میں ضروری مقدار میں سرخ خلیات کی پیداوار  نہ ہونا
  • جسم سے خون بہنے کی صورت میں سرخ خلیات کی کمی میں اضافہ اور
  • سرخ خلیات کا جسم میں معمول سے زیادہ مختصر وقت میں ختم ہو جانا

انیمیا کا علاج ، انیمیا کی قسم اور شدت کے مطابق  مختلف ہو سکتا ہے۔ بیماری کے علاج میں سب سے پہلے اس صورتحال کا خاتمہ کرنا ضروری ہے جو بیماری کا سبب بن رہی ہے۔ اگر تو خون کی کمی جسم میں فولاد کی یا پھر فولک ایسڈ کی کمی کی وجہ سے ہو رہی ہے تو مریض کے  غذائی پروگرام میں  گوشت کا استعمال بڑھا دینا چاہیے۔

 

اس کے علاوہ ڈاکٹر کی تجویز کردہ سبز پتّوں والی سبزیوں اور پھلوں کے استعمال میں بھی اضافے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ یہ پھل اور سبزیاں کچھ اس طرح  ہیں:

 

1۔ سبز پتّوں والی سبزیاں

یہ سبزیاں انسانی جسم کو سیر رکھنے کے حوالے سے نہایت اہمیت رکھتی ہیں۔ سبز پتّوں والی سبزیوں میں پالک، بند گوبھی، میتھی، ساگ وغیرہ شامل ہیں۔ یہ سبز پتّے ہماری صحت کی حفاظت کرتے اور جسم میں فولاد اور وٹامن سی کی کمی کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

 

2۔سٹرس فروٹ

کینو ، مالٹا، نارنجی، گریپ فروٹ، لیموں، انار، خوبانی وغیرہ میں وافر مقدار میں وٹامن سی پایا جاتا ہے جو انیمیا کے مریضوں  کے جسم کو فولاد جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔

 

3۔ پھلیاں

یہ فولاد کے ذخیرے کے حوالے سے نہایت مفید سبزی ہے۔ پھلیوں میں سویا، رواں، چنے اور لوبیا سب  کی تازہ پھلیاں شامل ہیں۔

 

4۔ سورج مکھی کے بیج

چھلکے والے بیجوں میں سورج مکھی کے بیج اور کدو کے بیج مکمل اور صحت مند  غذائی پروگرام کا ایک اہم حصہ ہیں اور جسم میں خون کی کمی کو پورا کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

 

5۔آلو

غذائی پروگرام میں مزید فولاد شامل کرنے کے لئے آلو نہایت شاندار اور آسانی سے دستیاب سبزی ہے۔

 

6۔ چقندر

چقندر ایک ایسی سبزی ہے جسے آپ جسم میں خون کی کمی کو دُور کرنے کے لئے پورے اطمینان قلب کے ساتھ استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ سبزی قدرتی فولاد کے اعتبار سے بے حد مفید ہونے کی وجہ سے خون میں ہیموگلوبن کی تعداد میں اضافہ کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چقندر کا متواتر استعمال خون میں آکسیجن کی سطح کو درجہ بہ درجہ بلند کرتا چلا جاتا ہے۔

چقندر کو آپ سبزی کی شکل میں پکا کر، کچی حالت میں سلاد کی شکل میں یا  پھر جوس  کی شکل میں استعمال کر سکتے ہیں۔

 

7۔کلونجی

کلونجی خون کی کمی پر قابو پانے میں بہت مدد دیتی ہے۔ وافر مقدار میں فولاد  کی حامل ہونے کی وجہ سے کلونجی کو اضافی شکل میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

8۔پالک اور سیلیری

خون کی کمی عام طور پر خون میں ہیموگلوبن اور فولک ایسڈ کی کمی کی وجہ سے ظاہر ہوتی ہے۔ منّظم شکل میں پالک اور سیلیری کا استعمال اس صورتحال پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ سبز پتّوں والی سبزیاں  قدرتی 'بی12' وٹامن، فولک ایسڈ اور دیگر اہم غذائی عناصر  کا ذخیرہ  ہیں۔ اگر آپ ان سبزیوں کو اپنی روزمرّہ خوراک کا حصہ بنا لیں تو کچھ ہی عرصے بعد آپ کو اپنی صحت پر اس کے مثبت اثرات نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔

 

9۔ کیلا

یہ پھل وٹامن سی، فولک ایسڈ، پوٹاشیئم اور فولاد سے مالا مال پھل ہے۔ کچی یا پکّی  شکل میں اس پھل کا استعمال جسم میں فولاد کے درجے کو واضح شکل میں بڑھا دیتا ہے۔

 

10۔کھجور، کشمش اور انجیر

کشمش اور کھجور وٹامن سی اور فولاد کے حوالے سے نہایت مفید خشک میوہ جات ہیں۔ وٹامن سی قوت مدافعت کو مضبوط کرتا اور جسم کو زیادہ بہتر شکل میں فولاد کو جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔ انجیر فولاد، وٹامن اے ، میگنیزیئم اور فولک ایسڈ  کا ذخیرہ ہے۔ صبح کے وقت ہفتے میں کم از کم تین دن ایک مٹھی انجیر ،کھجور اور کشمش کا استعمال خون میں ہیموگلوبن کی مقدار میں اضافہ کرنے میں مدد دیتا ہے۔

 

11۔سیاہ تِل

سیاہ تِل بھی فولاد کے حوالے سے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ بے حالی اور خون کی کمی  کے شکار افراد کو سیاہ تِلوں کے استعمال کا مشورہ دیا جا سکتا ہے۔



متعللقہ خبریں