اسلامی تعلیمات 18

ماہ رجب ،شعبان اور رمضان کی برکات اور فضائل

483536
اسلامی تعلیمات 18

رجب ، شعبان اور رمضان کے مہینے بہت ہی فضیلت کے حامل ہیں ان مہینوں کی فضیلت میں بہت سی روایات وارد ہوئی ہیں ، حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم فرماتے ہیں : رجب کا مہینہ اللہ کا عظیم مہینہ ہے ۔جو احترام و فضیلت اس مہینہ کو حاصل ہے وہ کسی اور مہینہ کو نہیں ہے ۔ یہ مہینہ حرام مہینہ کہلاتا ہے،یعنی اس مہینہ میں لڑائی کرنا حرا م ہے۔رجب اللہ کا مہینہ ہے ، شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان المبارک میری امت کا مہینہ ہے ،جو شخص رجب کے مہینے میںایک دن بھی روزہ رکھے گا اس کو اللہ کی عظیم خوشنودی حاصل ہوگی اوروہ اللہ کے عذاب سے نجات پائے گااورجہنم کے دروازوں میں سے ایک دروازہ اس پر بند کردیا جاے گا۔
جناب رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے  ایک جگہ فرمایا ہے کہ  رجب کا مہینہ میری امت کے لئے استغفار کا مہینہ ہے پس اس مہینہ میں گناہوں سے بخشش کے لئے بہت زیادہ معافی مانگو کیو نکہ خداوندعالم بخشنے والااور مہربان ہے ۔ 


شعبان کا مہینہ آتے ہی دلوں میںرمضان المبارک کا احساس بے دارہوتاہے۔ اس ماہ کی فضیلت وبرکت مؤمنوں کے قلوب کو تازگی بخشتی ہے ،جس سے ایمان کوقوت ملتی ہے جوحلاوت ایمان کی دلیل ہے۔نبی کریم ﷺ کو اس ماہ سے بے حد لگاؤ تھا ۔آپؐ کا معمول تھا کہ آپ شعبان کے مہینے میں بکثرت روزہ رکھاکرتے تھے ۔حضرت عائشہؓ کہتی ہیں کہ نبی کریمؐرمضان ہی میںپورے ماہ کے روزے رکھتے تھے اور ماہ شعبان میںزیادہ ترروزے رکھتے تھے۔(متفق علیہ) اس مہینے کو رمضان کی تیاری کا مہینہ بھی کہہ سکتے ہیں جیسا کہ شیخ ابوبکرالبلخیؒ کہتے ہیں:ماہ رجب کا شتکاری کا مہینہ ہے،ماہ شعبان اس کی سیرابی کا مہینہ ہے اورشہر رمضان کھیت کٹائی کا مہینہ ہے۔اسی طرح ماہ رجب کو ہوا،شعبان کو غیم اوررمضان کو بارش سے تعبیرکرتے ہیں۔جس نے اعمال کی کھیتی کے موسم بہارمیں کاشتکاری نہیں کی اورماہ رجب میں اس کا پودانہیں لگایا اورشعبان میں اسے سیراب نہیں کیاتو وہ ماہ رمضان میں اعمال کی کھیتی کی کٹائی کیسے کرسکتاہے۔

اگرماہ رجب گزرگیاہے تو کم ازکم شعبان کے مہینے سے اس کی کوشش کی جائے۔

یہی ہمارے نبی  کا طریقہ رہا ہے  کہ اگرگزشتہ رمضان کے روزے رہ گئے ہوں تو فوراًاس کی قضا شعبان کے مہینے میں کرلینی چاہیے۔

رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنے اندر لامحدود  رحمتیں سموئے ہوئے ہے۔

 اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتیں اور برکتیں نازل ہو رہی ہیں۔ مسلمانوں کے لئے یہ ماہ مقدس نیکیوں کی موسلادھار بارش برساتا ہے اور ہر مسلمان زیادہ سے زیادہ نیکیاں حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

 رمضان کا مہینہ باقی مہینوں کا سردار ہے۔ خوش قسمت ہیں وہ مسلمان جن کی زندگی میں یہ مہینہ آیا اور وہ اللہ تعالیٰ کی رحمتیں حاصل کرنے میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔

 قرآن مجید میں خالق  حقیقی نے ارشاد فرمایا ہے

 اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کر دیئے گئے جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کر دیئے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بن جاﺅ“۔

انسان کائنات میں رہتے ہوئے جو کوئی بھی کام کرتا ہے اس کی غرض و غایت اور مقصد ہوتا ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک کی غرض و غایت اور مقصد تقویٰ کو قرار دیا ہے ایک مسلمان روزہ کی وجہ سے برائیوں کو ترک کر دیتا ہے اور نیکیوں کی طرف راغب ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس کا ایمان بڑھ جاتا ہے۔



متعللقہ خبریں