"کورونا وائرس"ہلاکتیں 75 ہزار تک پہنچ گئیں

کورونا وائرس کی ہلاکت خیز وبا دنیا بھر میں پچھتر ہزار کے قریب انسانوں کی زندگیاں نگل گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد  ساڑھے 13 لاکھ  تک پہنچ گئی ہے

1392871
"کورونا وائرس"ہلاکتیں 75 ہزار تک پہنچ گئیں

کورونا وائرس کی ہلاکت خیز وبا دنیا بھر میں پچھتر ہزار کے قریب انسانوں کی زندگیاں نگل گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد  ساڑھے 13 لاکھ  تک پہنچ گئی ہے۔
چین سے پھیلنے والے والے جان لیوا  وبا نے دنیا بھر میں تباہی مچا رکھی ہے لیکن اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ اور یورپ ہورہے ہیں جہاں لاشوں کے انبار لگ چکے ہیں، کورونا کے خوف سے رشتہ داروں نے اپنے  ورثا کی لاشیں وصول کرنے سے انکار کردیا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 74 ہزار 442 ہوگئی لیکن حوصلہ کن بات یہ ہے کہ 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد کرونا مریض ڈاکٹروں کی جدوجہد کی بدولت صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ دیگر مریضوں کی زندگیاں بچانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔
امریکہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 10 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 3 لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس نے جتنی تیزی سے اٹلی میں لوگوں کی جانیں نگلیں ہیں اتنی ہی تیزی سے اسپین میں لوگوں کو لقمہ اجل بنایا ہے اور اب تک اسپین میں 13 ہزار 341 افراد کی جانیں نگل چکا ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 31 ہزار سے زائد ہے۔
اٹلی میں جان لیوا وبا اب تک 16 ہزار 523 لوگوں کو ہلاک جبکہ 1 لاکھ 32 ہزار سے زائد لوگوں کو متاثر کرچکی ہے۔
فرانس میں وائرس نے 8911 جانیں لیں اور 98 ہزار سے زائد افراد کو مریض بنایا جبکہ برطانیہ میں اموات کی تعداد 5373 اور مریضوں کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

دوسری جانب،امریکہ میں کرونا وائرس کی وبا جب کہ بظاہر رکنے میں نہیں آ رہی ہے۔
 صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگلے چند ہفتے ملک میں زیادہ مشکل ہوں گے اور وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ ساتھ ہی وائٹ ہاؤس کے عہدیداروں کا یہ کہنا ہے کہ انھیں وسیع تر میٹرو پولیٹن علاقے میں وائرس کے  واقعات میں کچھ استحکام کی توقع ہے۔ 
اسی دوران کرونا کی وبا کا تدارک کرنے کے لئے فوج کی تعیناتی عمل میں آ چکی ہے جو اس موذی مرض سے نمٹنے میں ہاتھ بٹا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہم ایک ایسے موڑ پر دکھائی دیتے ہیں جہاں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا اور صورت حال اچھی نہیں ہو گی۔
 ان کے مطابق اگلے دو ہفتے بھاری ہوں گے۔
جرمنی میں کرونا وائرس سے 1735 افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زائد مریض ہیں، کرونا وائرس نے بیلجیئم میں 1632، سوئٹزرلینڈ میں 765 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
اس وائرس سے برازیل میں بھی 553، سوئیڈن میں 477، پرتگال میں 311، کینیڈا میں 322، انڈونیشیا میں 209، آسٹریا میں 220، ہالینڈ میں 1867 افراد ہلاک 18 ہزار سے زائد متاثر ہیں جبکہ بھارت میں 4 افراد کو لقمہ اجل بنایا جبکہ 136 افراد متاثر ہیں۔

 



متعللقہ خبریں