"کورونا وائرس" دنیا ہوئی بے بس، کینیڈئین وزیراعظم کی اہلیہ بھی وائرس کا شکار

کینیڈا میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے دفتر کی جانب سے گزشتہ  روز جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی اہلیہ  صوفیہ گریگوری کا کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے

1377360
"کورونا وائرس" دنیا ہوئی بے بس، کینیڈئین وزیراعظم کی اہلیہ بھی وائرس کا شکار

دنیا بھر میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں   جاری ہیں۔

چین سمیت دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4983 تک جاپہنچی ہے جبکہ 1 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، مہلک ترین وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں 134769 افراد متاثر ہو چکے ہیں، اس کے تیزی سے پھیلاؤ کو روکنے میں  طبی ٹیمیں تاحال ناکام ہیں تاہم حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ صحت یابی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب تک 70387 افراد اس مہلک وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3177 تک پہنچ گئی جبکہ 80814 لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ آئی  کے مشیر برائے امور خارجہ علی اکبر ولایتی بھی  کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم نے گزشتہ روز اطلاع دی ہے کہ علی اکبر ولایتی گزشتہ چند ہفتوں کے دوران  کورونا وائرس سے متاثرہ متعدد مریضوں سے گھلے ملے ہیں،اب وہ خود اس وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور اس وقت انھیں طبّی  نگہداشت میں رکھا جارہا ہے۔

وائرس سے چین کے بعد سب سے زیادہ اموات یورپی ملک اٹلی میں ہوئیں جن کی تعداد 1016 ہے، جبکہ مجموعی متاثرین کی تعداد 15113 ہو چکی ہے۔

حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کاروباری زندگی  بند کرنے کے اعلان کے بعد اٹلی کی سڑکیں  سنسان ہو گئی ہیں۔

اطالوی شہریوں نے وزیراعظم کی جانب سے پورے اٹلی کو اگلے ماہ کے شروع تک بند کرنے کے اعلان کے بعد کھانے پینے اور دوسری اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ کر لیا ہے۔

فرانسیسی صدر امانویل ماکروں نے کورونا  وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے ملک بھر میں اسکولوں سمیت تمام تعلیمی اداروں کے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

خیال رہے کہ فرانس میں کرونا وائرس کے  واقعات  میں اضافہ ہو گیا ہے، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2876 ہو گئی جبکہ 61 افراد مہلک وائرس میں مبتلا ہوکر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

 فرانسیسی وزیر ثقافت بھی کرونا وائرس کا شکار ہیں۔

کینیڈا میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے دفتر کی جانب سے گزشتہ  روز جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی اہلیہ  صوفیہ گریگوری کا کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

برطانیہ میں خاتون وزیر صحت کے بعد دوسری بڑی شخصیت میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

برٹش ٹیلی کام کے چیف ایگزیکٹو فلپ جانسن  وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، ٹیسٹ مثبت آنے پر فلپ جانسن نے خود کو گھر میں محدود کر لیا ہے ۔

جرمن چانسلر انگیلا مرکل نے اعتراف کیا ہے کہ ملک کی 70 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتی ہے، وبا پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ جرمنی میں کرونا وائرس سے 3 اموات کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 1567 واقعات  درج ہوچکے ہیں۔

 گزشتہ روز ایک  رکن پارلیمان  کے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی مثبت آئی تھی۔

 



متعللقہ خبریں