برازیل کا خشک موسم سرما زیکا وائرس کی وجہ،ماہرین موسمیات

برازیل کا خشک موسم سرما زیکا وائرس کی وجہ،ماہرین موسمیات

429572
برازیل کا خشک موسم سرما زیکا وائرس کی وجہ،ماہرین موسمیات


ماہرینِ موسمیات نے موسمِ سرما میں بلند درجہ حرارت اور شمال مشرقی برازیل کے خشک موسم کو زیکا وائرس کی وجہ قرار دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایک نئے مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ زیکا وائرس سمندری موسمیاتی کیفیت ''ایل نینو'' کی وجہ سے فروغ پایا جس میں خطِ استوا کے دونوں طرف موجود سب سے بڑا بحرِ الکاہل قدرے گرم ہوجاتا ہے جو پوری دنیا اور خصوصاً شمالی اور جنوبی افریقا میں موسمیاتی تبدیلیاں پیدا کرتا ہے۔ ایل نینو سے برازیل میں سردیوں کے باوجود موسم گرم اور خشک رہا جس میں زیکا وائرس کے ذمے دار مچھر ''ایڈس ایجپٹائی'' بڑی تعداد میں پیدا ہوئے۔ برازیل میں لوگوں نے پانی کے ذخائر جمع کرکے رکھے جس میں یہ مچھر خوب پھلے پھولے اور زیکا وبا کی وجہ بنے ہیں۔ بعض ماہرین اس کے برخلاف لاطینی امریکا کے ممالک میں شدید بارش کے بعد موجود رہنے والے پانی کو مچھروں کی افزائش اور زیکا وائرس کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ''ایڈس ایجپٹائی'' مچھروں سے پھیلنے والا زیکا وائرس خصوصاً حاملہ خواتین کے بچوں کو متاثر کرتا ہے اور وہ بہت چھوٹے سر کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں کیونکہ یہ وائرس بچے کی دماغی نشوونما کو نقصان پہنچاتا ہے۔ برازیل میں اب تک 4000 بچے اس وائرس کے ساتھ پیدا ہوئے ہیں جن کے سر بہت چھوٹے ہیں۔

اسرائیل میں حائفا یونیورسٹی کی خاتون سائنسدان کے مطابق گرمی اور خشکی کی لہر سے برازیل میں زیکا وبا پھوٹی اور کچھ علاقوں میں خشک سالی سے بھی یہ وبا شدید ہوگئی اور سردی کے باوجود گرمی برقرار رہنے سے مچھروں کی تعداد بڑھی۔ ماہرین کے مطابق برازیل کے مچھر زیکا کے علاوہ زرد بخار اور چکن گُنیا پھیلانے کی وجہ بھی بن سکتے ہیں۔



متعللقہ خبریں