شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے

ملک کے 23ویں وزیراعظم کے آج ہونے والے انتخاب کا عمل اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔  ایاز صادق نے شہباز شریف کے ملک کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہونے کا اعلان کیا

1810575
شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

ملک کے 23ویں وزیراعظم کے آج ہونے والے انتخاب کا عمل اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔ 

ایاز صادق نے شہباز شریف کے ملک کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ 

انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف کو 174 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ شاہ محمود کو کوئی ووٹ نہیں ملا۔ 

اس کے ساتھ ہی ایوان میں ارکان اسمبلی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نعرے بلند کیے۔ 

خیال رہے کہ شہباز شریف آج رات وزیر اعظم پاکستان کا حلف لیں گے۔

ایاز صادق کی جانب سے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے اعلان کے بعد انہوں نے اپوزیشن لیڈر کی نشست پر بیٹھے شہباز شریف کو وزیراعظم کی نشست پر آکر بیٹھنے کی ہدایت کی۔ 

ان کے ساتھ ساتھ دیگر اپوزیشن رہنما بھی ان کے ساتھ آکر حکومتی نشستوں پر بیٹھ گئے۔ 

تحریک انصاف نے وزیراعظم کے الیکشن کا بائیکاٹ کیا وہ شاہ محمود قریشی تحریک انصاف کے وزیراعظم کے امیدوار تھے۔

نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار خیال کرتےہوئے کہا کہ کروڑوں عوام کی دعاؤں نے پاکستان کو بچالیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی، حق کی فتح اور باطل کو شکست ہوئی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن پوری پاکستانی قوم کے لیے عظیم دن ہے کہ اس ایوان نے اُس سلیکٹڈ وزیراعظم کو آئین و قانون کے ذریعے گھر کا راستہ دکھایا۔ 

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ عوام کی خوشی کی اور کیا مثال ہوسکتی ہے کہ آج روپیہ ڈالر کے مقابلے میں آٹھ روپے اونچا گیا ہے جو 190 سے 182 روپے پر آگیا ہے۔ 

 انہوں نےکہا کہ اسے کیا کہیں گے؟ 22 کروڑ عوام کا ایوان پر اعتماد ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ میں سپریم کوٹ کو اپنی اور کروڑوں عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے نظریہ ضرورت کو دفن کردیا اور آئندہ بھی کوئی نظریہ ضرورت کا سہارا نہیں لے سکتا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ اس دن کو ملک میں آئین کی سربلندی کے دن کے طور پر منانا چاہیے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ پر جھوٹ بولا جارہا تھا کہ کہیں سے خط آیا، اس ایوان میں بھی لہرایا گیا۔ لیکن میں نے نہ وہ خط دیکھا اور نہ دکھایا گیا۔ میرا خیال ہے کہ اس حوالے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے۔ 



متعللقہ خبریں