پاکستان خلا کا پرامن استعمال چاہتا ہے، پاکستان کوخودانحصاری کی منزل حاصل کرنا ہوگی : صدر عارف علوی

پاکستانی قوم مضبوط عزم کی حامل ہے اور وہ کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور علم کی بنیاد پر ہم کامیابی حاصل کرسکتے ہیں

1804641
پاکستان خلا کا پرامن استعمال چاہتا ہے، پاکستان کوخودانحصاری کی منزل حاصل کرنا ہوگی : صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان خلا کا پرامن استعمال چاہتا ہے، پاکستان کو اپنے سٹیلائیٹس بنانے ہیں اور ہمیں خودانحصاری کی منزل حاصل کرنا ہوگی۔

پاکستانی قوم مضبوط عزم کی حامل ہے اور وہ کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور علم کی بنیاد پر ہم کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑی کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ٹیکنالوجی کا استعمال انسانیت کی ترقی کیلئے ہونا چاہئے، بھارت کی طرف سے میزائل پاکستان آنا انتہائی غیرذمہ دارانہ فعل ہے، غیرذمہ دارانہ اقدامات کسی بھی بڑی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں، ہماری پہلی ترجیح ملکی دفاع کو مستحکم بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سپیس اینڈ اپر ایٹما سفیئر ریسرچ کمیشن ، سپارکو کے زیراہتمام ”بین الاقوامی سپیس کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں چیئرمین سپارکو میجر جنرل (ر) عامر ندیم، خلائی تحقیق کے سائنسدانوں، غیر ملکی مندوبین اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ترقی کا عمل انسانیت کی فلاح نہ کہ تباہی کیلئے استعمال ہونا چاہئے، دنیا توانائی کے قابل تجدید ذرائع پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین اخلاقی اقدار کی حامل قیادت ہی قوم کی رہنمائی کرسکتی ہے۔

صدر مملکت نے ماحولیاتی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اوزون کی تہہ میں شگاف کو روکنا ایک اہم کامیابی ہے، سیٹلائٹ ٹیلی میٹری سے پانی کے بہاؤ اور مقدار کو جانچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا معاشی لحاظ سے مضبوط ملک کی بات سنتی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کانفرنس میں شریک غیرملکی مندوبین کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خلائی ٹیکنالوجی کو پرامن مقاصد کیلئے استعمال کرے گا، بعض ممالک نے سیٹلائٹ تباہ کرنے کے تجربے کئے ہیں۔



متعللقہ خبریں