کشمیرکو بھارت کے غاصبانہ قبضے سےآزاد کروا کر ہی دم لیں گے: فردوس عاشق اعوان

وہ بدھ کوحریت رہنما عبدالحمید لون، کشمیر میڈیا سروس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تجمل الاسلام کے ہمراہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ( پی آئی ڈی) میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں

1249733
کشمیرکو بھارت  کے  غاصبانہ قبضے  سےآزاد کروا کر ہی دم لیں  گے:  فردوس عاشق  اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعہ کشمیرکے عوام کو زیادہ عرصہ تک یرغمال نہیں رکھ سکتا، کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ تسلط کو کبھی قبول نہیں کریں ۔

وہ بدھ کوحریت رہنما عبدالحمید لون، کشمیر میڈیا سروس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تجمل الاسلام کے ہمراہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ( پی آئی ڈی) میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت جوبھی کرے لیکن کشمیر پر اس کا غاصبانہ قبضہ کسی صورت جائز نہیں ہوسکتا اورنہ اسے کشمیری عوام کبھی قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیرمیں اپنی جنگ ہار چکا ہے اگر ایسانہ ہوتا تواسے وہاں لاکھوں فوجی تعینات کرنے کی ضرورت نہ پیش آتی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارت کے تسلط کا کوئی فیصلہ قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ 22 کروڑ عوام اور وزیراعظم عمران خان موجودہ حکومت کی طرف سے یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر پر مر مٹنے کو تیار ہے۔ تاریخ کا سبق ہے دنیا کی کسی قوم کو طاقت کے زور پر زیادہ عرصہ یرغمال نہیں بنا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کا کشمیر پر قبضہ کسی صورت جائز نہیں ہو سکتا۔ کشمیریوں کو بھارت کا حالیہ فیصلہ قبول نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں 9 لاکھ سے زائد فوج تعینات کر رکھی ہے۔ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے ظاہر کرتے ہیں کہ کشمیری بھارت کے ساتھ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی میڈیا کا کشمیر کاز کے معاملے پر قومی بیانیے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔ قومی بیانیے اور قومی مفادات کو اجاگر کرنے کے لئے میڈیا کا مثبت اور مؤثر کردار سامنے آنا چاہیے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر کو پروڈکشن آڈر کی نظر ہو گیا۔ اپوزیشن نے گرفتار رہنمائوں کو ایوان میں لانے کے لئے شور شرابا کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کو ان کے لئے کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑا لیکن پروڈکشن پر ایوان میں آنے والے ممبران نے اجلاس کی کارروائی میں کوئی حصہ نہیں لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ تجمل الاسلام نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کی ہے اور ہم توقع کرتے ہیں یہ حمایت ہمیشہ جاری رہے گی۔

 انہوں نے کہاکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کل کا بیان کشمیریوں کے لئے بہت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قراردادیں موجود ہیں۔ پاکستان موجودہ صورتحال کے تناظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کرنا چاہیے۔ اس سے پہلے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چیپٹر 6 کے تحت ہے لیکن موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کو اس مسئلے کو چیپٹر 7 کے تحت اٹھاناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے تمام صورتحال کے پس منظر سے آگاہ کیا ہے اور آر ایس ایس کے عزائم کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف میں اس معاملے کو اٹھایا جا سکتا ہے۔



متعللقہ خبریں