پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اورسفارتی حمایت کےساتھ ساتھ حق خودارادیت کےلیےہرفورم پرآوازبلند کرے گا

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا،بھارت عالمی قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کی صورتحال بنارہا ہے

1247770
پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اورسفارتی حمایت کےساتھ ساتھ حق خودارادیت کےلیےہرفورم پرآوازبلند کرے گا

بھارت پاکستان کو اکسانے کے لئے شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنارہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں اضافی بھارتی فوج جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے۔

اعلامیے کے مطابق بھارتی عزائم خطے میں تشدد بڑھا کر اسے فلیش پوائنٹ بناسکتے ہیں، بھارت اوچھے ہتھکنڈے چھوڑ کر تنازع کے پُرامن حل کی طرف بڑھے۔

این ایس سی اجلاس کے شرکاء نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو دو ٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا پوری قوم کی مدد سے جواب دیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا،بھارت عالمی قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کی صورتحال بنارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت کنفیوژن اور ڈس انفارمیشن پھیلا کر اپنے اصل مذموم عزائم چھپانا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں اضافی فوج کی تعیناتی زخموں پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ہٹ دھرمی سے خطے کا امن تباہ ہورہا ہے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت ایسے ہتھکنڈے اس وقت استعمال کر رہا ہے، جب پاکستان عالمی برادری کے ساتھ افغان مسئلے کے حل کے لئے کوششیں کر رہا ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں کے استعمال اور دہشت گردانہ کارروائیاں قابل تشویش ہیں، بھارتی کوششیں خطے اور بین الاقوامی لائن آف کنڑول کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی مذموم کوشش ہے۔

اعلامیے کے مطابق شہری آبادی پر کلسٹر اسلحہ کا استعمال پاکستان کو اشتعال دلانے کی سازش ہے،پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اجلاس میں وزیرخارجہ، وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور وزیر امور گلگت بلتستان سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیراعظم آزاد کشمیر، معاون خصوصی اطلاعات، سیکرٹری خارجہ سمیت دیگراعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔



متعللقہ خبریں