وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، ملکی سلامتی اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

پاکستان تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے وزیراعظم سے پرائم منسٹر ہاؤس میں ملاقات کی جہاں آرمی چیف نے وزیراعظم کو سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی آگاہ کیا

1228549
وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، ملکی سلامتی اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سیکورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے وزیراعظم سے پرائم منسٹر ہاؤس میں ملاقات کی جہاں آرمی چیف نے وزیراعظم کو سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی آگاہ کیا۔

ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق ’آرمی چیف نے خطے میں پائیدار امن کے لیے پاک فوج کی خدمات اور اقدامات کے بارے میں بھی بتایا‘۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب طالبان اور امریکا کے مابین افغان جنگ کے خاتمے کے لیے دوحہ میں ممکنہ طور پر حتمی مذاکرات جاری ہیں۔

دوسری جانب افغانستان میں گزشتہ 2 دنوں کے درمیان طالبان کے حملوں سے شہر لرز اٹھے۔

 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ملکی سلامتی اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں اہم شخصیات نے امن و امان کی صورتحال اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان کے حالات کو دیکھتے ہوئے فورسز نے اپنے اخراجات کو منجمد کیا، فورسز کے اقدام پر ان کا بہت شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا تھا کہ فورسز کی جانب سے کہا گیا کم کیے گئے اخراجات کو بلوچستان اور فاٹا میں خرچ کیا جائے۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی معیشت پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی استحکام معاشی خود مختاری کے بغیر ممکن نہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت مشکل معاشی صورتحال سے گزر رہے ہیں، ہم سب کو اپنی ذمے داریاں نبھانے کی ضرورت ہے تاکہ مشکل حکومتی اقدامات کامیاب ہوسکیں۔ وقت آگیا ہے کہ ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا۔

آرمی چیف نے مزید کہا تھا کہ معاشی خود مختاری کے بغیر کوئی دوسری خود مختاری ممکن نہیں، ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں، معاشی کاوشیں کامیاب بنانے کے لیے سب کو ذمے داری پوری کرنا ہوگی۔



متعللقہ خبریں