غیر ملکیوں کے لیے سیاحت کے دروازے پوری طرح کھول رہے ہیں: وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے اہم فیصلوں پر بھی غور کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے عدالت عالیہ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا

1171305
غیر ملکیوں کے لیے سیاحت کے دروازے پوری طرح کھول رہے ہیں:  وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وفاقی کابینہ نے2 ارب روپے کے رمضان پیکیج، لاہور ۔ دہلی بس سروس کی 2024ءتک توسیع، ایوی ایشن پالیسی 2019ئ، 10رکنی پاکستان گروبندک کمیٹی کی تشکیل نو، اسلام آباد میں بلند و بالا عمارتوں پر عائد پابندی اٹھانے، سیاحت کے فروغ کے لئے غیرملکیوں کو ملک کے مختلف حصوں میں جانے کے لئے این او سی کی شرط ختم کرنے، پی ٹی ای ٹی بورڈ میں دو ممبران کی تقرری اور واجد علی کو احتساب عدالت اسلام آباد کا جج مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے اہم فیصلوں پر بھی غور کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے عدالت عالیہ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا، نواز شریف کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ حکومت کی پیشکش کے عین مطابق ہے، نواز شریف بیرون ملک نہیں جاسکیں گے۔

 منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم آفس کے آڈیٹوریم میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور ۔ دہلی بس سروس دونوں ممالک کے تقسیم خاندانوں کو ملانے اور غریبوں کو ایک معیاری سفرکا ذریعہ ہے، 17فروری 1999ءمیں لاہور ۔ دہلی بس سروس کا آغاز ہوا تھا اور ہر پانچ سال بعد اس معاہدے کی تجدید ہوتی تھی، 17 فروری 2019ءکو یہ معاہدہ ختم ہوگیا تھا۔

 وفاقی کابینہ نے لاہور ۔ دہلی بس سروس کی17 فروری 2024ءتک توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 10 رکنی گروبندک کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے اس میں نئے ممبران شامل کر دیئے ہیں جس میں سردار بشک سنگھ، کلجیت سنگھ، مہندر سنگھ ، ناروک سنگھ اور دیگر شامل ہیں۔ اس کمیٹی کی تشکیل نو سے رواں سال نومبر میں کرتارپور راہداری کھولنے اور دیگر ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ایوی ایشن پالیسی 2019ءکی منظوری دے دی ہے۔ نئی ایوی ایشن پالیسی کے مطابق پاکستان میں ہوا بازی صنعت کے فروغ کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی چارجز اور ٹیکسز کی مد میں 4 ارب روپے کی سہولیات فراہم کرے گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے بزنس موڈیول میں تبدیلی کی ہے، اس ریلیف کے ساتھ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 12 ارب کی آمدن ہوگی۔

 نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت سیاحت کے فروغ کے لئے 40 سیٹوں والے جہاز چلانے کی اجازت کے ساتھ ساتھ گلگت، سوات اور دیگر مقامات کے لئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کی اجازت دینے کے علاوہ اندرون ملک پروازوں کے لئے مسافر جہاز کی عمر 12 سال سے بڑھا کر 18 سال جبکہ کارگو جہاز کی عمر 30 سال تک بڑھا دی گئی ہے جبکہ ٹی پی ٹی لائسنس کی مدت ایک سال سے بڑھا کر دو سال اور پائلٹس کے لائسنس کی مدت پانچ سال ہوگی۔ نئی پالیسی کے تحت اوپن سکائی پالیسی بھی ختم کر دی گئی ہے، اوپن سکائی پالیسی سے پی آئی اے کو نقصان اٹھانا پڑ رہا تھا جبکہ بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔ نئی ایوی ایشن پالیسی کے مطابق اگر خواتین پائلٹ بننا چاہتی ہیں تو ان کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی چار لاکھ روپے تک تربیت میں مالی مدد کرے گی۔ نئی ایوی ایشن پالیسی میں سفارش کی گئی ہے کہ اندرون ملک سفر کو سستا کیا جائے جس پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ کو ہدایات دیں کہ اس پر کام کیا جائے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت نے پہلے ویزا رجیم تبدیل کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں پانچ ممالک جن میں برطانیہ، سعودی عرب، ملائیشیا، چین اور ترکی شامل ہیں، کو ای ویزا کی سہولت فراہم کی تھی، رواں سال میں مزید 170 ممالک کو ای ویزا جبکہ 58 ممالک کو ویزا آن آرئیول کی سہولت فراہم کی جائے گی، پہلے مرحلے میں اسلام آباد ائیرپورٹ اور کراچی ائیر پورٹ پر ای گیٹس کی تنصیب اور ایف آئی اے کے کاﺅنٹرز میں تین گنا اضافہ کیا جائے گا جبکہ مرحلہ وار یہ دیگر ائیرپورٹس تک بھی بڑھایا جائے گا جبکہ وزارت داخلہ نے بھی سیاحت کے فروغ کے لئے غیر ملکیوں کو ملک کے مختلف حصوں میں جانے کے لئے این او سی کی شرط ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، حکومت اس فیصلے پر من و عن عمل درآمد کرے گی، آج عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران نواز شریف ایک مرتبہ پھر ایکسپوز ہوگئے ہیں، کہتے ہیں مجھے کوئی بیماری نہیں، ذہنی پریشیانی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی نواز شریف کو پیشکش کی تھی کہ وہ جس ہسپتال یا جس ڈاکٹر سے علاج کرانا چاہتے ہیں ہمیں بتائیں، اس پر عمل کیا جائے گا، ویسے تو نواز شریف کے پاس وسائل ہیں وہ اپنے ڈاکٹروں کو بیرون ممالک سے بھی بلوا سکتے ہیں، عدالت کا فیصلہ حکومتی پیشکیش کے عین مطابق ہے، اگر یہ بات نواز شریف پہلے ہی سمجھ جاتے تو انہیں خواجہ حارث کی فیسیں ادا نہ کرنا پڑتیں، اگر نواز شریف مستقل باہر جانے کے خواہشمند ہیں تو خواجہ حارث انہیں اچھی ایڈوائس دیں کہ وہ پلی بارگین کریں اور باہر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرت تو اس بات کی ہے کہ میاں شریف نے جو اتفاق ہسپتال بنایا ہے، اس پر بھی نواز شریف اور شہباز شریف کو اعتماد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں نکالنے کے عدالتی فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے کیونکہ تاریخ بتاتی ہے کہ شریف فیملی کا جو بھی فرد ملک سے باہر گیا وہ واپس نہیں آیا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سندھ میں بلاول بھٹو مارچ کے لئے 300 ٹکٹس خریدے گئے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ 300 لوگ آ بھی گئے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے مطابق ٹرین مارچ کرنے والوں نے 11 لاکھ روپے ریلوے کو ادا کئے ہیں، پہلی مرتبہ یہ لوگ اپنی سیاسی سرگرمی کے لئے ادائیگی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ حصہ بڑھایا جائے پہلے سرکاری ترقیاتی فنڈ کے 5 ہزار ارب جو سندھ کی ترقی پر خرچ ہونے تھے، وہ کرپشن کا شکار ہوئے اور بیرون ممالک میں ان پیسوں سے اپارٹمنٹس خریدے گئے اور اپنے کاروبار مستحکم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے خزانے کو لوٹنے کے معاملات میں وزیراعلیٰ سندھ مرکزی کردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں ملزمان کو شیلٹر فراہم کرنے کے لئے شامل کیا گیا اور سندھ اسمبلی کے سپیکر اس لئے اجلاس ختم نہیں کر رہے کہ انہیں نیب کی تحقیقات بھگتنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایات دیں کہ شہروں کو پھیلانے کی بجائے بلند و بالاعمارتیں بنائی جائیں، اس سلسلے میں سی ڈی اے اور سول ایوی ایشن نے اپنی ان پٹ دی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام کا لوٹا ہوا پیسہ زرداری اور نواز شریف کے پاس ہے، اگر ان دونوں کو معاف کردیا جائے تو پھر تمام جیلوں کو کھول دیا جائے عام قیدیوں کو بھی معاف کیا جائے یہ تو چھوٹی چھوٹی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت آج بیرونی قرض کم، درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی ہورہی ہے، آئی ایم ایف کے سربراہ بھی پاکستان کے دورہ پر ہیں، معاملات بہت قریب پہنچ گئے ہیں اور مجموعی طور پر معاشی بحالی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے دو اجلاس ہوئے ہیں جس میں صوبائی وزراءخزانہ اور وفاقی وزیر خزانہ شریک ہوئے جس میں کوآرٹینیشن پالیسیوں پر بات چیت ہوئی۔ ایف اے ٹی ایف کا ایک اجلاس 15 اپریل اور دوسرا اجلاس ستمبر میں ہوگا۔ ہماری کوششیں رنگ لائیں گی، ستمبر کے اجلاس میں اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے



متعللقہ خبریں