ملک میں جمہوریت مستحکم، تمام معاملات مثبت سمت میں گامزن، سول ملٹری تعلقات بہترسطح پر ہیں: صدر علوی

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے تعلیم یافتہ افراد کو یہ اندازہ ہو چکا ہے کہ کرپشن ملک کو کھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سپریم کورٹ نے کرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں

1167591
ملک میں جمہوریت مستحکم، تمام معاملات مثبت سمت میں گامزن، سول ملٹری تعلقات بہترسطح پر ہیں: صدر علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صدر کا عہدہ غیر سیاسی ہے اور مجھ پر بھاری ذمہ داری عائد کی گئی ہے‘ میں نے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے‘ حکومت اور سپریم کورٹ نے کرپشن کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں‘ ملک میں جمہوریت مستحکم ہے اور اسے کوئی خطرہ نہیں ہے‘ 18ویں ترمیم میں بہتری ہونی چاہیے‘ سول اور ملٹری تعلقات بہتر سطح پر ہیں‘ نواز شریف سے ملاقات کے لئے جمعرات کا دن مقرر کیا گیا ہے اور اس دن صرف اہلخانہ ہی کو ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے تعلیم یافتہ افراد کو یہ اندازہ ہو چکا ہے کہ کرپشن ملک کو کھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سپریم کورٹ نے کرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور حکومت کرپشن کے کیسز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

 ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ نئے پاکستان میں کانفرنس آف تھاٹ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان آزمائشوں سے نکل چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں عورتوں کو وراثت قانون کے مطابق نہیں ملتی اس سلسلے میں وہ اسلامی نظریاتی کونسل کو ایک خط لکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں 19ویں صدی تک خواتین کو حقوق نہیں دیئے جاتے تھے اور اگر پاکستان میں خواتین کو حقوق نہیں دیئے جاتے تو یہ انتہائی تکلیف دہ بات ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تنخواہیں بڑھانے کے حامی ہیں تاہم پنجاب اسمبلی کی جانب سے موجودہ صورتحال میں تنخواہیں بڑھائے جانے پر انہوں نے مایوسی کا اظہار کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اراکین تنخواہیں بڑھانے کی بات نہ کرتے تو اچھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خود مثال کے ذریعے کفایت شعاری کی جانب قدم اٹھایا۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مہاجرین کو لینے سے انکار کیا جارہا ہے اور اکثر یورپی ممالک میں مہاجرین اور ان کے بچوں کو کھلے سمندر میں ڈوبنے کے لئے چھوڑ دیا جاتا ہے تاہم پاکستان نے غریب ملک ہونے کے باوجود 35 لاکھ افغان مہاجرین کو تحفظ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سمیت ملک کے تمام ادارے قوم سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور میڈیا نے معاشرے کی بہتری کے لئے جو کردار ادا کیا ہے لائق تحسین ہے۔

 18ویں ترمیم کے متعلق ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم میں بہتری آنی چاہیے۔ملک میں جمہوریت پہلے سے مستحکم ہوئی ہے اور اسے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پاکستان میں تمام معاملات مثبت سمت میں گامزن ہیں۔ سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں سول ملٹری تعلقات بہتر سطح پر ہیں اور بھارت کی طرف سے حالیہ جارحیت کی صورت میں دونوں طرف سے دانشمندانہ ردعمل کا اظہار کیا گیا اور بھارتی پائلٹ کی واپسی سول اور ملٹری قیادت کا مشترکہ فیصلہ تھا۔ منہ کی صحت کے عالمی دن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے 2008ءمیں ایف ڈی آئی کمیٹی اور کونسلز کے ذریعے آج کے دن کو منہ کی صحت کے عالمی دن کے طور پر منانے کی منظوری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ منہ کی صحت کا خیال رکھنا سنت نبوی ہے اور ہمارے نبی حضرت محمدﷺ نے مسواک کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ منہ کی صحت بہت سی بیماریوں سے نجات کا ذریعہ ہے۔



متعللقہ خبریں