شیخ رشید کے حلقے میں ملتوی انتخابات کو جلد از جلد کرانے کا حکم

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جمع کرائے گئے تمام کاغذات نامزدگی منسوخ تصور ہوں گے

1023600
شیخ رشید کے حلقے میں ملتوی انتخابات کو جلد از جلد کرانے کا حکم

سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 پرانتخاب ملتوی کرنے سے متعلق نوٹی فیکیشن کو کالعدم قراردیتے ہوئے الیکشن کمیشن کوحلقے میں انتخاب کرانے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی اس حلقے سے امیدوار تھے، تاہم اسلام آباد کی انسدادِ منشیات عدالت نے انہیں  مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنادی تھی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ وہ تمام امیدواروں کو برابری کی بنیاد پر انتخابی مہم کا موقع دینا چاہتے ہیں اسی وجہ اس انتخابات کو ملتوی کیا گیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے این اے 60 پرانتخاب ملتوی کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے خلاف شیخ رشید کی درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو این اے60میں ضمنی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جمع کرائے گئے تمام کاغذات نامزدگی منسوخ تصور ہوں گے۔

مقدمے کی سماعت کے بعد شیخ رشید نے کہا کہ این اے 60 پر میرا ایک مخالف امیدوار نااہل ہو گیا تھا جب کہ دیگر امیدواروں کی اکثریت میرے حق میں دستبردار ہو چکی تھی۔ الیکشن کمیشن نے میرے ساتھ جو کیا اسے بھول چکا ہوں، این اے 60 پرجب بھی الیکشن ہوگا تو راشد شفیع ان کے امیدوارہوں گے۔

انہوں  نے مزید کہا  چیف جسٹس پاکستان، چیف الیکشن کمشنر اور آرمی چیف کی وجہ سے ملک میں شفاف انتخابات ہوئے، 14 اگست کوعمران خان حلف اٹھا چکے ہوں گے، انصاف اور جمہوریت کے لئے پوری قوم کوعمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ عمران خان کی جیت پاکستان کی جیت ہے۔



متعللقہ خبریں