24 ملکی فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد وزیراعظم عباسی کی شاہ سلمان سے ملاقات

وزیراعظم نے سعودی فرمانروا سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہد خاقان عباسی ولی عہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان سے بھی ملے ہیں

952826
24 ملکی فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد وزیراعظم عباسی کی شاہ سلمان سے ملاقات

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان پیر کو یہاں ملاقات ہوئی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران گلف شیلڈ 1 فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب کے بعد ہوئی۔

وزیراعظم نے سعودی فرمانروا سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہد خاقان عباسی ولی عہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان سے بھی ملے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی عرب میں جاری24ملکی مشترکہ فوجی مشق گلف شیلڈون کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیردفاع خرم دستگیر اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر حشام بن صدیق بھی موجود تھے ۔ تقریب میں اسلامی عسکری اتحاد کی افواج کے سربراہ جنرل (ر)راحیل شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ نشست پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد بھی موجود تھیں۔

 وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب میں جنگی مشقوں کا معائنہ کیا،ان مشقوں کو مختلف ممالک کی افواج ،ہتھیاروں کے نظام اور پیشہ ورانہ مہم جوئی کے حوالے سے خطے میں سب سے بڑی فوجی مشق سمجھا جاتا ہے ۔ پاکستان کی جانب سے ایس ایس جی کمانڈوز، پاک فضائیہ کے سی ون 30 اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے مشقوں کا حصہ رہے ۔ مشترکہ مشقیں سعودی عرب کے ساحلی شہر ظہران میں ہوئیں،اس سے قبل گزشتہ روز وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب پہنچے تھے ۔



متعللقہ خبریں