نوازشریف کا قافلہ پنجاب ہاؤس سے لاہور کے لیے روانہ

نواز شریف کی قیادت میں ریلی مارگلہ روڈ اور ایمبیسی روڈسے ہوتے ہوئے ایکسپریس چوک پر آئے گی اور یہیں نوازشریف کارکنان سے پہلا خطاب کریں گے۔

786376
نوازشریف  کا قافلہ پنجاب ہاؤس سے لاہور کے لیے  روانہ

 

 سابق وزیراعظم نوازشریف لاہور جانے کے لیے پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے باہر آگئے ہیں اور ان کے ہمراہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ریلی کو آج صبح 10 بجے پنجاب ہاؤس سے لاہور کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما پنجاب ہاؤس سے باہر نکلے۔ نوازشریف کو رخصت کرنے کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی پنجاب ہاؤس کے باہرموجود تھے۔ نواز شریف کی قیادت میں ریلی مارگلہ روڈ اور ایمبیسی روڈسے ہوتے ہوئے ایکسپریس چوک پر آئے گی جہاں پر ریلی کے ساتھ جانے والوں کو جمع ہونے کی ہدایت کی گئی ہے اور یہیں نوازشریف کارکنان سے پہلا خطاب کریں گے۔

ایکسپریس چوک سے روانگی کے بعد نوازشریف کو مجاہد پلازہ بلیو ایریا، فیصل چوک، زیرو پوائنٹ، آئی ایٹ اور فیض آباد استقبالیہ دیاجائےگا، جس کے بعد ریلی مری روڈ پرفیض آباد، شمس آباد، سکستھ روڈ، رحمان آباد، چاندنی چوک، ناز سینما، کمیٹی چوک اور لیاقت باغ سے گزرے گی، ان تمام مقامات پر ریلی کواستقبالیہ دیاجائےگا۔ نواز شریف کے فیض آباد، شمس آباد اور کچہری میں بھی خطابات متوقع ہیں۔ مریڑچوک، کچہری چوک سے ریلی ٹی چوک جائے گی اور وہاں سے روات سٹی پہنچے گی جہاں پر بھی نواز شریف کا کارکنوں سے خطاب متوقع ہے، اس کے بعد ریلی جی ٹی روڈ سے مندرہ، گجر خان، سہاوا اور دینہ سے گزرتی ہوئی جہلم پہنچےگی، جہاں نواز شریف کارکنوں سے خطاب کریں گے اورپھر سرائے عالمگیر میں رات قیام کریں گے۔

ریلی کے روٹ پر اسلام آباد پولیس، اسپیشل برانچ اور حساس اداروں کے 2500سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔ ریلی کی فیض آباد تک سیکیورٹی کی ذمہ داری اسلام آباد پولیس کی ہوگی، اس کے بعد پنجاب پولیس سیکیورٹی فراہم کرے گی جب کہ ایمرجنسی صورتحال میں راولپنڈی میں 4 ہیلی پیڈ بھی بنا دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے 11 اگست تک لاہور سے راولپنڈی تک جی ٹی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی ہے۔



متعللقہ خبریں