اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت وزیراعظم نواز شریف کے فوری مستعفی ہونے پر متفق

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ میاں صاحب نے وعدہ خلافی کرتے ہوئے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ، اپوزیشن مطالبہ کرتی ہے کہ وزیر اعظم فی الفور مستعفی ہوں

770721
اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت وزیراعظم نواز شریف کے فوری مستعفی ہونے پر متفق

اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف فی الفور مستعفی ہوں ۔

اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے قومی اسمبلی اورقوم سے خطاب میں کہا تھا الزام لگا تووہ مستعفی ہوجائیں گے اور جب سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا تو وفاقی وزرا کی جانب سے مٹھائیاں بانٹی گئیں اور پھر عدالت کے حکم پر ہی بننے والی جے آئی ٹی نے جب کام شروع کیا تو اس پر وزرا ے سوال اٹھانا شروع کردئے اور جے آئی ٹی پر پر تابڑ توڑ حملے شروع ہوگئے اور جے آئی ٹی کومتنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے جس طریقے سے تفصیلی تحقیقات کی وہ سب کے سامنے ہے جے آئی ٹی نے ثبوتوں کے ساتھ ساری چیزیں پیش کی ہیں  اب حکومت سمیت بھارت بھی پریشانی کےعالم میں ہے لیکن ہمیں امید ہے سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس بات پر متفق ہے کہ  جمہوری نظام چلتا رہنا چاہیے اسمبلی نہیں ٹوٹنی چاہیےاورخواہش ہے کہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں لیکن قوم  نوازشریف سے استعفیٰ مانگ رہی ہے کیوں کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں سامنے آیا کہ کرپشن ہوئی اور وزیراعظم نے وعدہ خلافی کی اور مستعفی نہ ہونے کا اعلان کیا۔

 قومی وطن پارٹی اور اے این پی نے وزیر اعظم کے استعفے کے مطابلے کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط کیا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے چیمبر میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کی بڑی بیٹھک ہوئی ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کی ریکوزیشن دستخط کرکے اپوزیشن لیڈر کے حوالے کر دی گئی۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ میاں صاحب نے وعدہ خلافی کرتے ہوئے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ، اپوزیشن مطالبہ کرتی ہے کہ وزیر اعظم فی الفور مستعفی ہوں ۔ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ ان کی جماعت اور اے این پی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم کے استعفے پر رائے دینگے ۔

 سراج الحق نے کہا کہ جے آئی ٹی نے الٹرا ساؤنڈ کر لیا ہے ، اس الٹرا ساؤنڈ کی بنیاد پر وزیر اعظم کا استعفیٰ مانگتے ہیں ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے ریکوزیشن ابھی جمع نہیں کروا رہے ، سینیٹ کے اجلاس کو پہلے دیکھیں گے ۔

 اجلاس میں شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید ، چوہدری پرویز الٰہی ، فاروق ستار ، شیریں مزاری ، شیری رحمان ، آفتاب شیر پاؤ ، غلام احمد بلور اور عثمان ترکئی نے شرکت کی۔



متعللقہ خبریں