لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے بعد فاضل بجلی بھارت کو فروخت کی جائے گی: شہباز شریف

وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سے صدر،وزیراعظم اورگورنرآتے رہے ہیں،لیکن انہیں اس علاقے کی محرومیاں ختم کرنے کا کبھی خیال نہیں آیا،کسی نے نہیں سوچا کہ اس علاقے میں بھی بڑے منصوبے لگنے چاہئیں

701461
لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے بعد  فاضل بجلی بھارت کو فروخت  کی جائے گی: شہباز شریف

پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف  نے کہا  ہے  کہ لوڈشیڈنگ  کو اس سال کے اواخر تک مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ  ہم نے  ملک میں اتنی بڑی مقدار میں بجلی پیدا کرنے کے پلانٹ لگادیے ہیں کہ فاضل بجلی کو بھارت کو فروخت کیا جاسکے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار لودھراں میں سڑک اورفلائی اوور منصوبوں کاسنگ بنیادرکھنے کے بعدعوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب سے صدر،وزیراعظم اورگورنرآتے رہے ہیں،لیکن انہیں اس علاقے کی محرومیاں ختم کرنے کا کبھی خیال نہیں آیا،کسی نے نہیں سوچا کہ اس علاقے میں بھی بڑے منصوبے لگنے چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے ضلع لودھراں کیلئے 25ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج ،عوام کیلئے 20ائیر کنڈیشنڈ بسوں کی فراہمی اورزرعی یونیورسٹی کاسب کیمپس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں ترقی کی مخالف سیاسی پارٹیوں کا صفایا کردینگے۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء  میں بجلی نہ ہونے کے باعث لوگوں کاروزگار ختم ہورہا تھا ،زراعت اورصنعت تباہ جبکہ معاشی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر تھیں اور لوگ لوڈ شیڈنگ کی اذیت کے باعث ذہنی مریض بن رہے تھے ۔

عوام کوخوشخبری دیتاہوں کہ وزیراعظم نوازشریف کالوڈشیڈنگ ختم کرنے کاوعدہ اسی سال کے آخرتک پوراہوجائیگاجو اچھی نیت کا میٹھا پھل ہے ۔مزید برآں وزیراعلیٰ نے ارفع کریم ٹاور میں’ای روزگار ٹریننگ پروگرام‘کاافتتاح کیا،اسکے تحت صوبہ کے 36اضلاع میں 40ای روزگارسنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں پرنوجوانوں کو3ماہ کی تربیت فراہم کی جائیگی۔اس موقع پرشہبازشریف نے ای روزگارسنٹرزکی تعدادمزیدبڑھانے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں بااختیار بنا کر ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے ۔



متعللقہ خبریں