ہم دہشت گردوں کا ہر سطح پر خاتمہ کرکے دم لیں گے، وزیراعظم نوازشریف

وزیراعظم نوازشریف نےکہا ہے کہ عوام حوصلہ رکھیں ہم دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ جیتیں گے۔

679162
ہم دہشت گردوں کا ہر سطح پر خاتمہ کرکے دم لیں گے، وزیراعظم نوازشریف

وزیراعظم نوازشریف نے انقرہ میں صحافیوں سے بات  چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کی نئی لہر آئی ہے، دراصل یہ وہ دہشت گرد ہیں جن کی کمر ٹوٹ چکی ہے مگر وہ اپنے جوہر دکھانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن مجھے امید ہے ہم بہت جلد اس لہر پر قابو پالیں گے۔ عوام حوصلہ رکھیں ہم دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے کہا جارہا ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے، اسٹاک مارکیٹ بھی تیزی سے اوپر جارہی ہے اور یہی کامیابی دہشت گردوں سے ہضم نہیں ہورہی کیوں کہ وہ پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے لیکن ہم دہشت گروں کا ہر سطح پر خاتمہ کرکے دم لیں گے اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف سوچ سمجھ کرجنگ لڑی ہے ۔ حکومت دہشت گردی سے نہ گھبرائے گی اور نہ ہی ڈرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں فیصلہ ہوا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں دہشت گرد عناصر کے خلاف آپریشن ہونا چاہیے اور ان کو ختم کرنا چاہیے جب کہ آپریشن ’’رد الفساد‘‘ اور پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ بھی وزیراعظم ہاؤس میں چند روز پہلے کیا گیا۔



متعللقہ خبریں