شہداء کے اعضاء کی بے حرمتی ہوئی ہے، وزیر اعلٰی کا اعتراف

شہداء کے اعضاء کو نالے میں پھینکنے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں اور اس واقعہ پر شرمندہ ہوں ۔ مراد علی شاہ

675440
شہداء کے اعضاء کی بے حرمتی ہوئی ہے، وزیر اعلٰی کا اعتراف

پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیر اعلٰی  مراد علی شاہ نے اعتراف کر لیا  ہے کہ   سیہون  میں لعل شہباز قلندر  کے مزار پر بم حملے کے شہداء کے اعضاء نالے میں پھینکے گئے ہیں۔

وزیر اعلٰی مراد علی شاہ نے اس حرکت کے ذمہ داروں کو سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلٰی نے سندھ کابینہ کے وزراء کے ہمراہ درگاہ لعل  شہباز قلندر کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کے اعضاء کو نالے میں پھینکنے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں اور اس واقعہ پر شرمندہ ہوں ۔

وزیر اعلٰی مراد علی شاہ نے کہا کہ انسانی اعضاء کی بے حرمتی کرنے والوں کو باقاعدہ سزا دی جائے گی۔

انہوں نے درگاہ میں پولیس کی کم نفری کا بھی اعتراف کیا  اور کہا کہ سرحد پار سے دہشت گرد آ رہے ہیں  تاہم سی سی ٹی وی ویڈیو سے کچھ سراغ ملے ہیں امید ہے کہ تحقیقاتی ایجنسیاں واقعے کی تہہ تک پہنچ جائیں گی۔

 مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت بہت منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے لیکن یہ وقت باہم متحد ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کا وقت ہے۔

واضح رہے کہ اعضاء کو نالے میں پھینکنے کے سوال پر خورشید شاہ نے واقعے کو الگ  رُخ دینے کی کوشش کی تھی ا ور کہا تھا کہ اعضاء کو کسی نے نالے میں نہیں پھینکا بلکہ اعضاء دھماکے کی شدت سے اُڑ کر نالے میں جا گرے ہیں۔



متعللقہ خبریں