آپریشن ضربِ عضب کے ساتھ ضربِ قلم کی ضرورت ہے: وزیراعظم نواز شریف

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دنیا کے بڑے کارناموں کے پیچھے علم اور اہل علم کا نام ہے، اہل دانش خواب دیتے ہیں ان کی تعمیر کا جذبہ بھی، اس کی واضح مثال پاکستان ہے جس کا خواب اقبال نے دیکھا اور قائد اعظم نے اسے تعبیر دی

645559
آپریشن ضربِ عضب کے ساتھ ضربِ قلم کی ضرورت ہے: وزیراعظم نواز شریف

پاکستان  کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے اسے امن آشتی کا گہوارہ بنائیں گے، اس سلسلہ میں سب سے کلیدی کردار ادیبوں، شاعروں اور اہل علم و دانش کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ساتھ آپریشن ضرب قلم کی بھی اشد ضرورت ہے، ہم زبان و بیان کا سلیقہ بھولتے جا رہے ہیں، ہمارا لب و لہجہ کرخت ہو گیا، دل آزاری کے الفاظ عام ہو گئے، یہ رویے جو میڈیا کے ایک حصہ کے ذریعے عام ہو رہے ہیں نئی نسل کو متاثر کر رہے ہیں، ادیبوں اور دانشوروں کو اس مسئلہ کی طرف توجہ دینی چاہئے۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دنیا کے بڑے کارناموں کے پیچھے علم اور اہل علم کا نام ہے، اہل دانش خواب دیتے ہیں ان کی تعمیر کا جذبہ بھی، اس کی واضح مثال پاکستان ہے جس کا خواب اقبال نے دیکھا اور قائد اعظم نے اسے تعبیر دی۔

انہوں نے   علم و ادب کے فروغ کے اداروں اور اہل علم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے 50 کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کا اعلان کرتا ہوں، قومی تاریخ و ادبی ورثہ کو نہ صرف محفوظ بنانے بلکہ نئی نسل کو بھی منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔

 وہ جمعرات کو اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام چوتھی بین الاقوامی اہل قلم کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے قومی و ثقافتی ورثہ عرفان صدیقی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں اہل علم و دانش کی خوبصورت کانفرنس میں شرکت پر خوشی ہے، اہل قلم کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، اہل قلم نہ صرف زمانہ حال پر گہری نظر رکھتے ہیں بلکہ ان کی نگاہ آنے والے ادوار کو بھی دیکھ رہی ہوتی ہے، وہ قوم کے دل، روح اور دماغ کا درجہ رکھتے ہیں، ان کا دل انسانوں کے دکھ، درد اور احساسات کو محسوس کرتا ہے اور ان کی تحریریں دلوں کو اور گرماتی اور ذہنوں کو اجلاتی ہیں، اہل قلم خواب بھی دیتے ہیں اور ان کی تعبیر کیلئے جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی نے پاکستان کو مشکلات سے دوچار کیا اب آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ضرب قلم کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علم و ادب کا زوال قوموں کے زوال کا باعث بنتا ہے شعر و ادب کے چشمے خشک ہوجائیں تو فتنے جنم لیتے ہیں امن کے فروغ کے لئے اہل علم و دانش کا کلیدی کردار ہے دہشت گردی نے وطن عزیز کو مشکلات سے دوچار کیا جس کے سدباب کے لئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا لیکن اب پاکستان کو امن و سکون کا گہوارہ بنانے کے لئے ضرب عضب کے ساتھ ضرب قلم کی ضرورت ہے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خدمت کرنے والے محروم فنکاروں تک ہمیں خود پہنچنا ہوگا اور ان کی مدد کرنا ہوگی فنکاروں کی بہبود کے لئے پہلے بھی بہت سے اعلانات کرچکا ہوں اور قومی تاریخ و ادبی ورثے کے لئے مزید 50 کروڑ روپے دینے کو تیار ہوں فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے کمیٹی ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے۔



متعللقہ خبریں