عشرت العباد کی جگہ جسٹس سعید الزماں کی گورنر سندھ کے طور پر تعیناتی

جسٹس سعید الزماں صدیقی نے گورنر سندھ کا عہدہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو درپیش مسائل میں سب سے اہم امن و امان کا مسئلہ ہے، جسے سب سے پہلے حل کرنا پڑے گا، جس کے بعد سیاسی مسائل کی جانب رخ کرنا پڑے گا

606953
عشرت العباد کی جگہ جسٹس سعید الزماں کی  گورنر سندھ کے طور پر تعیناتی

جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ گورنر سندھ مقرر کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور صدر کے درمیان ملاقات میں گورنر سندھ کی تبدیلی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ واضح رہے کہ جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں ۔

جسٹس سعید الزماں صدیقی نے گورنر سندھ کا عہدہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو درپیش مسائل میں سب سے اہم امن و امان کا مسئلہ ہے، جسے سب سے پہلے حل کرنا پڑے گا، جس کے بعد سیاسی مسائل کی جانب رخ کرنا پڑے گا۔

گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی ترجیحات کے حوالے سے جسٹس سعید الزماں نے بتایا کہ ان کی سب سے پہلی ترجیح امن و امان کا قیام ہوگا۔

ان کا کہنا تھا، 'حکومت کے ذمہ اہم کام امن و امان کا قیام ہے، جس کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور گورنر پر آتی ہے، اگر کراچی میں امن ہوگا تو یہاں کاروباری سرگرمیاں پھلے پھولیں گی۔'

انھوں نے مزید کہا کہ 'میں اپنی پوری کوشش کروں گا اور لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا، کامیابی دینا اللہ کے اختیار میں ہے۔'

واضح رہے کہ جسٹس سعید الزماں صدیقی سابق چیف جسٹس آف پاکستان اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔

وہ 2008 میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صدارتی امیدوار تھے۔

سعید الزماں صدیقی یکم دسمبر 1937ء کو لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم لکھنو سے حاصل کی ۔ 1954 ء میں ڈھاکہ یونیورسٹی سے انجینئرنگ میں گریجویشن کی ، جامعہ کراچی سے 1958ء میں وکالت کی ڈگری لی ۔ 196ء میں بار سے وابستہ ہوئے اور 1963 ء میں مغربی پاکستان ہائیکورٹ میں انرول ہوئے ۔ 1969ء میں سپریم کورٹ سے جڑ گئے ۔ وہ بار کے مختلف عہدوں پر بھی فرائض انجام دیتے رہے ۔ کراچی ہائی کورٹ بار کے جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہوئے ۔ 1980ء میں سندھ ہائیکورٹ کے جج اور 1990ء میں چیف جسٹس بنے ۔ 1992ء میں سپریم کورٹ کا حصہ بنے ۔ یکم جولائی وہ دن ہے جب انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھالا ۔



متعللقہ خبریں