نیشنل ایکشن پلان پر عدم عمل درآمد آپریشن ضرب کو متاثر کر رہا ہے، جنرل راحیل شریف

جب تک تمام رخ سے بامعنی کارکردگی کا مظاہرہ اور تمام تر خامیوں کو دور نہیں کیا جاتا تب تک دہشت گردی کی باقیات سر اٹھاتی رہیں گی

551248
نیشنل ایکشن پلان پر عدم عمل درآمد آپریشن ضرب کو متاثر کر رہا ہے، جنرل راحیل شریف

پاکستان کے آرمی چیف  جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر پیشرفت نہ ہونے سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہوا ہے۔اگر  خامیوں کو دور نہ کیا گیا تو دہشتگردی کی باقیات سر اٹھاتی رہیں گی اور طویل مدتی امن و استحکام کا خواب ادھورا رہ جائیگا۔

جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جمعہ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں اعلیٰ سطح سکیورٹی اجلاس ہوا جس میں آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

جنرل نے  اس موقع پر کہا کہ ہمارے مقاصد کی کامیابیوں کیلئے نیشنل ایکشن پلان مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور اس پر پیشرفت کا فقدان آپریشن ضرب عضب کے استحکام کے مرحلہ کو متاثر کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تمام رخ سے بامعنی کارکردگی کا مظاہرہ اور تمام تر خامیوں کو دور نہیں کیا جاتا تب تک دہشت گردی کی باقیات سر اٹھاتی رہیں گی اور طویل مدتی امن و استحکام کا خواب ادھورا رہے گا۔

 انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین سے دہشت گردی کی اس لعنت کے خاتمہ کیلئے طویل عرصہ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جبکہ سکیورٹی کے ماحول میں نمایاں بہتری آ چکی ہے اور  اس کے ثمرات  ملنے شروع ہو گئے ہیں، بعض حلقوں کے گمراہ کن اور اکسانے والے تبصرے اور نظریات مجموعی قومی کاوش کو کمزور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کاوشوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے مربوط قومی ردعمل وقت کا بنیادی تقاضا ہے ۔



متعللقہ خبریں