طورخم پر گیٹ کی تعمیر جاری رہے گی اور ہر حملے کا جواب دیا جائے گا: سرتاج عزیز

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا کہ طورخم گیٹ کی تعمیر سے پاکستان افغانستان کے ساتھ کسی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کررہا اور نہ ہی کسی بین الاقوامی قوانین کےمنافی کام کررہا ہے

513733
طورخم پر گیٹ کی تعمیر جاری رہے گی اور ہر حملے کا جواب دیا جائے گا:  سرتاج عزیز

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ طورخم بارڈر پر پاکستانی علاقے میں گیٹ بنے گا ، حملہ ہوا تو جواب دیا جائے گا ۔

 برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا کہ طورخم گیٹ کی تعمیر سے پاکستان افغانستان کے ساتھ کسی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کررہا اور نہ ہی کسی بین الاقوامی قوانین کےمنافی کام کررہا ہے اس لیے طورخم بارڈر پر گیٹ کی تعمیر جاری رہے گی۔

 انہوں نے کہا کہ سرحد پر پاکستان اور افغانستان کی جانب سے آمدورفت دستاویزات کی مدد سے ہونی چاہیے کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد اس راستے بغیر کسی پوچھ گچھ کے آتے جاتے ہیں جن میں کئی طرح کے لوگ شامل ہیں، اس لیے جب تک دونوں ممالک کی سرحد پر ’’بارڈر مینجمنٹ‘‘ کا کوئی نظام قائم نہیں ہوتا تب تک دہشت گردی، انتہا پسندی اور اسمگلنگ جیسے مسائل پر قابو پانا ناممکن ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان طورخم پر پاکستان کی جانب سے گیٹ کی تعمیر روکنا چاہتا ہے لیکن ہم گیٹ اپنے علاقے میں تعمیر کررہے ہیں جس کے لیے ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیٹ اپنی سرحد سے 30 سے 35 میٹر اندر بنارہے ہیں جس کی تعمیر جاری رکھیں گے اور اسے دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ جب تک سرحد پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات نہیں کیے جائیں گے اور سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی تب تک ہمارے سیکیورٹی خدشات قائم رہیں گے اور افغانستان کے خدشات بھی موجود رہیں گے۔



متعللقہ خبریں