اقتدار کے بھوکے سیاستدان کامیاب نہیں ہونگے: وزیراعظم نواز شریف

کابینہ نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا جبکہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری سے متعلقامور پر تفصیلی بریفنگ دی

480033
اقتدار کے بھوکے سیاستدان کامیاب نہیں ہونگے: وزیراعظم  نواز شریف

کل اسلام آباد میں وزیراعظم  میان  محمد نواز شریف کی قیادت میں   وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔  

اجلاس میں پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو بھیجے گئے ضابطہ کار کی منظوری دے دی گئی ۔ وفاقی کابینہ کا کہنا ہے کہ یہ ضابطہ کار حتمی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی،جبکہ وزیر اعظم نواز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے بھوکے سیاستدان کامیاب نہیں ہونگے ، آئی سی آئی جے نے ہماری بے گناہی ثابت کر دی، ماضی کے دیگر چیلنجز کی طرح پاناما لیکس سے بھی سرخرو ہونگے ۔

کابینہ نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انکے حق میں قرارداد منظور کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس آمدنی کا ہدف 36 سو ارب رکھنے کی تجویز ہے ، بجٹ میں 100 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز بھی ہے ۔ یہ ٹیکس مختلف قسم کی ٹیکس چھوٹ ختم ہونے پر عائد ہوں گے جب کہ مہنگائی کی شرح کو پانچ فیصد تک رکھنے اور مالیاتی خسارہ 4.3 فیصد تک لایا جائے گا۔

 

اجلاس میں وفاقی وزراکی جانب سے وزیر اعظم کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وزیر اعظم آئی سی آئی جے کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں، وفاقی وزراء کا کہنا تھا کہ آئی سی آئی جے کی جانب سے معذرت کے بعد ہرجانے کا حق رکھتے ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے کوشاں ہے ، ہم ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کا نیا معیار قائم کررہے ہیں۔



متعللقہ خبریں