پاناما لیکس کی آڑ میں حکومت گرانے کی کوششوں سے گریز کیا جائے: چوہدری نثار

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی آڑ میں حکومت کے خلاف سازش اور میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے جس کا مقصد حکومت کو غیر جمہوری انداز میں ہٹانے کی کوشش کرنا ہے

470726
پاناما لیکس کی آڑ میں  حکومت  گرانے  کی کوششوں سے گریز کیا جائے:  چوہدری نثار

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی آڑ میں حکومت کے خلاف سازش اور میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے جس کا مقصد حکومت کو غیر جمہوری انداز میں ہٹانے کی کوشش کرنا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف لندن میڈیکل چیک اپ کے لیے گئے اور نہ کسی سے ملنے گئے بلکہ میڈیکل ٹریٹمنٹ کے لیے گئے ہیں لیکن اس حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں ہورہی ہیں حالانکہ ان کی بیماری بہت پرانی ہے جو پچھلے چند مہینوں سے بڑھ گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کا مسئلہ وزیراعظم کے 2 بیٹوں کا ہے تو اس پر جواب بھی وہ ہی دیں گے بطور وزیر میرا اس سے کوئی تعلق نہیں، لیکن حکومت کا نمائندہ ہونے کی وجہ سے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے یہ معاملات سامنے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کا معاملہ پوری دنیا میں اٹھا لیکن سب سے پہلے پاکستانی وزیراعظم نے کمیشن بنانے کا اعلان کیا حالانکہ دیگر ممالک میں ایسا کچھ نہیں ہوا، اور جہاں بھی حکومت پر یہ الزامات لگے ان کا رد عمل بھی دیکھا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش تھی سپریم کورٹ کےسابق چیف جسٹس صاحبان کمیشن کی سربراہی کریں اور حکومت نے کمیشن بنانے کے لیے انتہائی معزز سابق چیف جسٹس صاحبان جسٹس ناصرالملک،جسٹس تصدق گیلانی، جسٹس تنویرسے رابطے کیے، کئی ججوں نے ٹائم مانگا اور کئی نے وجہ بتائے بغیر معذرت کرلی ہے لیکن ہم اس کے باوجود ایسا کمیشن تشکیل دینے کے خواہاں ہیں جس کی غیرجانبداری کے بارے میں کسی کو کوئی شک و شبہ نہ ہو۔



متعللقہ خبریں