کراچی سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں ہونگی:صدر ممنون

ملک کے بہترین محل وقوع سے فائدہ نہیں اٹھا یا گیا،عوام و قومی سلامتی کے اداروں کی قربانیوں سے دشمن پسپا ہو چکا ،امن کا سورج طلوع ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد گمراہی پر ہیں اور اللہ و تعالی نے ان پر ہدایت کے راستے بند کردیے ہیں

436478
کراچی سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں ہونگی:صدر ممنون

پاکستان کے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد گمراہی پر ہیں اور اللہ و تعالی نے ان پر ہدایت کے راستے بند کردیے ہیں۔

ایسے لوگوں کا واحد علاج یہی ہے کہ انہیں کیفر کردار تک پہنچا یا جائے ، کراچی سمیت ملک کے تمام حصوں میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی حکمرانی مکمل طور پر قائم کی جائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتے کو سرحد یونیورسٹی کے بارہویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ہا ئر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر مختار احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان صنعت معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک نئے دور میں قدم رکھنے جارہا ہے ۔ بدلتے ہوئے حالات میں اگر قوم عہد نو کے تقاضوں کے مطا بق قدم سے قدم ملا کر چلتی رہی تو اس کے نتیجے میں ترقی اور خوش حالی قوم کا مقدر بن جائے گی۔صدر مملکت نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں پاکستان کے بہترین محل وقوع سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا جس سے ملک ترقی نہیں کر سکا ۔صدر مملکت نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں بدترین دہشت گردی کے باوجود یہاں کے بہادر عوام چٹان کی طرح ڈٹے رہے ۔ عوام اور قومی سلامتی کے اداروں کی ان قربانیوں کی وجہ سے دشمن پسپا ہو چکا ہے اور ملک میں امن کا سورج طلوع ہورہا ہے اور دہشت گردی دم توڑ رہی ہے ۔

صدرمملکت نے کہا کہ قتصادی راہداری محض سڑکوں کے وسیع جال پر ہی مشتمل نہیں بلکہ یہ وسیع البنیاد ترقیاتی منصوبہ ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے سائنس وٹیکنالوجی ، زرعی تحقیق، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اقتصادی علوم میں مہارت حاصل کرنا ہوگی تاکہ اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ فعال ہونے کے بعد مختلف شعبوں کے ماہرین کے لیے ہمیں غیروں کی طرف نہ دیکھنا پڑے ۔

صدر مملکت نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے ۔



متعللقہ خبریں