ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی

صدر ممنون حسین نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف آپریشنز پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنگ مقصد کے حصول تک جا ری رہے گی

361270
ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
بھوربن میں مینجمنٹ اکاؤنٹس کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک خاص طورپرہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہترین دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے تاکہ ہمارا خطہ خوش حال ہو سکے اورانتہا پسندی کا بھی خاتمہ ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ خطے میں جنگوں اور دہشت گردی سے تمام علاقے متاثر ہوئے اور معیشت کو غیر معمولی حد تک نقصان پہنچا ہے۔ اس صورت حال کی اصلاح کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کارروائی کی ضرورت تھی، حکومت نے اسی مقصد کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے قلع قمع کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا کہ خطے کے حالات اوربعض مقامی مسائل کی وجہ سے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران قومی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے جس کے نتیجے میں اقتصادی سرگرمیاں متاثراورعوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ حکومت کے جرات مندانہ اقدامات کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار حالات پیدا ہورہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری جیسے ہی فعال ہوگی پاکستان میں مقامی اورغیرملکی کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ منصوبہ اتنا اہم ہے کہ اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے وسطی ایشیا ئی ملکوں نے ابھی سے تیاری شروع کردی ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں