وزیراعظم نوازشریف کا زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان

پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر پوری قوم افسردہ ہے تاہم اللہ کا شکر ہے کہ زلزلے کی شدت 2005 کے زلزلے سے زیادہ ہونے کے باوجود نسبتاً کم نقصان ہوا

359631
وزیراعظم نوازشریف کا زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان

وزیراعظم نوازشریف نے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر پوری قوم افسردہ ہے تاہم اللہ کا شکر ہے کہ زلزلے کی شدت 2005 کے زلزلے سے زیادہ ہونے کے باوجود نسبتاً کم نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں جب کہ زلزلے کے زخمیوں اور تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر صوبائی حکومت خاص طور پر وزیراعلیٰ پرویزخٹک کا مشکور ہوں، امدادی کاموں میں مصروف اداروں، کارکنوں اور افواج پاکستان کا بھی مشکور ہوں۔
وزیراعظم نواز شریف نے خیبرپختونخواء ، فاٹا اور گلگت بلتستان کے زلزلے سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے جامع امدادی پیکیج کا اعلان کیا ۔ انہوں نے پیکیج کی تفصیلات کا اعلا کرتے ہوئے کہا کہ پیکیج کے تحت زلزلے میں جاں بحق افراد کے ہر خاندان کو چھ لاکھ روپے اور ہر زخمی کو ایک لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔اسی طرح جسم کے کسی اعضاء سے محروم والے ہر شخص کو دو لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جن افراد کے گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں انہیں دو ، دو لاکھ روپے جبکہ جن کے گھروں کو جزوی نقصان پہنچا انہیں ایک ، ایک لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معاوضوں کی ادائیگی کا عمل تمام متاثرہ علاقوں میں اگلے پیر سے ایک ساتھ شروع ہو گا اور یہ عمل چار دن میں مکمل کیا جائے گا۔ ادائیگی چیک کے ذریعے کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ادائیگیوں کے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی اور اس مقصد کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کی جائے گی۔ کمیٹی میں انتظامیہ ، پاک فوج کا ایک ایک رکن اور مقامی نمائندہ شامل ہوگا جو متاثرہ افراد کی تصدیق کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی اتوار تک تصدیق کا عمل مکمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواء کے وزیراعلیٰ ذاتی طور پر ادائیگیوں کے عمل کی نگرانی کرینگے وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں